آئندہ نسلوں کی آبی ضروریات کے تحفظ کے لئے جامع واٹر پالیسی تشکیل دے رہے ہیں، امانت اللہ شادی خیل

بدھ 29 مارچ 2017 18:46

آئندہ نسلوں کی آبی ضروریات کے تحفظ کے لئے جامع واٹر پالیسی تشکیل ..
لاہور۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا امانت اللہ خان شادی خیل نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کی آبی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جامع واٹر پالیسی ہنگامی بنیادوں پر تشکیل دے رہے ہیںتاکہ عصر حاضر کے ساتھ ساتھ مستقبل کی آبی ضروریات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ پالیسی نہری پانی کے ساتھ ساتھ زیر زمین پانی کے تحفظ اور اس کے کفایت شعارانہ استعمال کا بھی احاطہ کرے گی۔

یہ بات انہوں نے محکمہ آبپاشی کے سیکریٹریٹ میں واٹر پالیسی کی تیاری کے سلسلے میں جاری اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی کیپٹن(ر)اسد اللہ خان ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنکل) شاہد سلیم، ڈپٹی سیکرٹری (ڈویلپمنٹ) عابد علاؤ الدین ، وائس پریزیڈنٹ نیسپاک ڈاکٹر منصور ہاشمی، سابق سیکرٹری آبپاشی ریاض احمد خان ، سابق ممبر( واٹر) واپڈا احمد خان بھٹی کے علاوہ محکمہ زراعت ، ماحولیات ، انڈسٹری ، لوکل گورنمنٹ ، ہاؤسنگ اور پی ڈی ایم اے کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وائس پریزیڈنٹ نیسپاک کی جانب سے تیار کردہ واٹر پالیسی کے ڈرافٹ پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی جس پر تمام شرکا نے اپنی اپنی رائے دی تا کہ جامع پالیسی ترتیب دی جا سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی امانت اللہ خان شادی خیل نے کہا کہ ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بھر پور زرعی پیداوار کا حصول انتہائی ناگزیر ہے جس کے لئے نہری پانی کی فراہمی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔اجلاس کے دوران سیکرٹری آبپاشی کیپٹن (ر)اسد اللہ خان نے حاضرین کی تجاویز اورسفارشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واٹر پالیسی کی ہنگامی بنیادوں پر تیاری کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :