پیپلز پارٹی کا ڈاکٹرعاصم کی ضمانت شانداراستقبال کا فیصلہ

انصاف میں تاخیرہوئی تاہم اس بات کی خوشی ہے فیصلہ اچھا آیا ہے،سینیٹر سعید غنی ڈاکٹر عاصم حسین کا فوری گھر منتقل نہ ہونے کا فیصلہ ،ایک ہفتہ ہسپتال میں قیام کریںگے

بدھ 29 مارچ 2017 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پیپلز پارٹی نے ڈاکٹرعاصم کی ضمانت شانداراستقبال کا فیصلہ کیا ہے، پیپلزپارٹی کے اہم رہنما وں نے بدھ کو جناح اسپتال میں ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کراچی کے صدر ڈاکٹرعاصم سے سعیدغنی، راشدربانی ،سہیل انورسیال اور امتیازشیخ جناح اسپتال میں ملاقات کی، پی پی رہنماؤں نے ڈاکٹرعاصم حسین کوضمانت منظورہونے پرمبارکباد دی۔

اس موقع پرسینیٹر سعید غنی نے کہا کہ انصاف میں تاخیرہوئی تاہم اس بات کی خوشی ہے کہ فیصلہ اچھا آیا ہے،ڈاکٹرعاصم پرلگے الزامات میں صداقت نہیں ہے، انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرعاصم سے ملاقات ہوئی ہے وہ خاصے مطمئن نظرآئے،میں اکثر ڈاکٹرصاحب سے ملاقات کے لئے آتا رہتا ہوں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راشدربانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو زیادہ وقت دھوپ میں رکھا جا تا ہے،ہم پرماضی میں بھی الزامات لگتے رہے ہیں، تاہم ہمارے ساتھی ماضی میں بھی باعزت بری ہوتے آئے ہیں، ڈاکٹر عاصم کی ضمانت پر خوشی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالت کا سامنا کیا اورآگے بھی کرتی رہے گی۔

ن لیگ کے رہنماعرفان اللہ مروت نے بھی جناح اسپتال جاکر ڈاکٹرعاصم حسین کی خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرعاصم حسین میرے پرانے دوست ہیں، ایک سوال کے جواب میں ، عرفان اللہ مروت نے کہا کہ آصف زرداری کہہ چکے ہیں پارٹی کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، انہوں نے عندیہ دیا کہ اس دروازے سے میں بھی داخل ہوجاؤں گا۔واضح رہے عدالت کا کہنا ہے کہ وہ ڈاکٹر عاصم کو جب تک رہا نہیں کریں گے جب تک وہ اپنے پاکستانی اور کینڈینپاسپورٹ جمع نہیں کرا دیتے۔دوسری جانب ترجمان ڈاکٹر عاصم کے مطابق رہائی کے بعد بھی ڈاکٹر عاصم نے فوری گھر منتقل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے وہ علاج کے لئے ایک ہفتے اسپتال میں قیام کریں گے، ڈاکٹر عاصم صحت یاب ہونے تک اسپتال میں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :