سابق وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ کی پرجوش تقریر نے سندھ اسمبلی میں ہنگامہ برپا کردیا

سندھ کے لوگ زہریلا پانی پی کر مررہے ہیں، پیپلزپارٹی والے سونے کے تاج پہن رہے ہیں،خواجہ اظہار الحسن خدمات پر سیلز ٹیکس کی وصولی کا حق سندھ کو دلوانا پیپلزپارٹی کا سب سے بڑا کارنامہ ہے،سید قائم علی شاہ کا ایوان میں خطاب

بدھ 29 مارچ 2017 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) سابق وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ کی پرجوش تقریر نے سندھ اسمبلی میں ہنگامہ برپا کردیا۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ سندھ کے لوگ زہریلا پانی پی کر مررہے ہیں، پیپلزپارٹی والے سونے کے تاج پہن رہے ہیں۔سابق وزیراعلی قائم علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں مخالفین کو للکارتے ہوئے کہا کہ خدمات پر سیلز ٹیکس کی وصولی کا حق سندھ کو دلوانا پیپلزپارٹی کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

قائدحزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے نے کہا کہ کراچی سے 100 ارب روپے کمانے والی حکومت اس شہر کو پانی دینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے ایک وزیر کے بیان پر طنزیہ کہا کہ پگلے کیا اب رلائے گا۔خواجہ اظہار کی شدید تنقید پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تعصب پھیلانے کی کوشش نہ کریں۔ ہم تو آپ کو رلانے والوں سے بھی بچا رہے ہیں۔حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی بحث وتکرار میں ایوان نے سندھ بورڈ آف ریونیو کا ترمیمی بل 2017 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔