پاک بحریہ کے سپیشل گروپ کی گولڈن جوبلی تقریبات

بدھ 29 مارچ 2017 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء)سطح سمندر،زیرآب،ہوااورزمین پرآپریشنز کی صلاحیت رکھنے والے نیوی کے اسپیشل سروسز گروپ کی گولڈن جوبلی پر تقریبات کا آغاز ہوگیا،نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ نے شرکت کی ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے ایس ایس جی کے جسمانی تربیت سیشن میں شرکت کی ،تقریبات کے دورانڈائیونگ آپریشن اور فائر پاور کامظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

پاک بحریہ کی جانب سے اسپیشل سروس گروپ کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز ہوگیا،نیول چیف ایڈمرل ذکااللہ نے ابتدائی سیشن میں شرکت کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اسپیشل سروس گروپ بحریہ کا قیام 29 مارچ 1967 کو عمل میں آیا تھا،پاک بحریہ کی ایس ایس جی فورس سطح سمندر، زیر آب، ہوا اور زمین پر آپریشنز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے -نیول چیف ایڈمرل محمد ذکااللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسپیشل سروس گروپ نے ملک کی بقا کے لیے بیش بہا خدمات انجام دی ہیں ، افسران اور جوانوں کی خدمات ملکی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کی ایس ایس جی فورس کو ہر دور میں ملک دشمن عناصر سے نمٹنے کے لیے ایک قابل بھروسہ قوت سمجھا جاتا ہے۔خطے میں پاک بحریہ کو انتہائی اہمیت حاصل ہے اور گروپ کے کمانڈوزکی خصوصی آپریشنز کی صلاحیت اور مہارت پاک بحریہ کا فخر ہیں۔