یوتھ پارلیمنٹ ، جدید کراچی کانفرنس کا انعقاد،نوجوانوں اور سیاسی قائدین کی شرکت

پاکستان صرف مسلمانوں کیلئے مذہبی آزادی کی نوید لیکر نہیں آیا تھا ، ڈاکٹر فاروق ستار/70برس ہوگئے اب آزادی کو سسٹم میں داخل کرنے کی ضرورت ہے، اسد عمر

بدھ 29 مارچ 2017 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان صرف مسلمانوں کے لیے مذہبی آزادی کی نوید لے کر نہیں آیا تھا بلکہ اس میں بسنے والے ہر رنگ ، نسل اور مذہب کے لوگوں کے لیے آزادی کا پیغام تھاان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں یوتھ پارلیمنٹ کے تحت یوم پاکستان کے حوالے سے جدید کراچی کانفرنس سے خطاب میں کیا، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں آئین کے مطابق ہر شخص کو سیاسی اور مذہبی آزادی حاصل ہے جبکہ موجودہ دور میں سیاسی جماعتوں نے قائد اعظم کے پاکستان کی نفی میں اپنا حصہ ڈالا، وطن عزیز کی آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہمیں عطا کردہ بہت بڑی نعمت ہے، جو ہمارے بزرگوں کی جدوجہد سے ہم تک پہنچی ہے، اور ہم وطن عزیز کی آزادی اور سالمیت کے لیے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے اسد عمرکا کہنا تھا کہ ہمیں آزاد ہوئے 70برس ہوچکے ہیں ، اب وقت کی ضرورت ہے کہ یہ آزادی سسٹم میں داخل ہواور ملک کے باشعور عوام اب ذہنی طور پر بھی آزاد ہوں، ان کا کہنا تھا کہ قرارداد پاکستان اس بات کی دلیل ہے کہ یہ ملک عوام کو ذہنی طور پر آزادی دلانے کے لیے وجود میں آیا ہے۔ اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ کے بانی و چیئرمین رضوان جعفر نے جدید کراچی تحریک سے متعلق بتایا کہ وہ کراچی کے ہرڈسٹرکٹ میں کمیٹی قائم کررہے ہیں، جس میں یوتھ پارلیمنٹ کے 100ممبران شامل ہوں گے جو کراچی کی بہتری کے لیے ضلعی حکومت کی معاونت کریں گے۔

یوتھ پارلیمنٹ کے تحت منعقدہ جدیدی کراچی کانفرنس میں یوتھ پارلیمنٹ ارکان سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی، پاکستان تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ، پیپلزپارٹی کے تاج حیدر، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان اور ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل جبکہ ایس ایم منیر نے بھی خطاب کیا اور نوجوانوں کو 23مارچ1940اہمیت اور نظریہ پاکستان پر اپنے خیالات اور جذبات سے آگاہ کیا۔