پاک بحریہ اور رائل ملیشین نیوی کے درمیان منعقد ہ پہلی باہمی بحری مشق آبنائے ملا کا کے ملحقہ پانیوں میں اختتام پذیر

بدھ 29 مارچ 2017 18:01

پاک بحریہ اور رائل ملیشین نیوی کے درمیان منعقد ہ پہلی باہمی بحری مشق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء)پاک بحریہ اور رائل ملیشین نیوی کے درمیان منعقد ہونے والی پہلی باہمی بحری مشق آبنائے ملاکا کے ملحقہ پانیوں میں اختتام پذیر ہو گئی۔ پاک بحریہ کا ٹاسک گروپ سورڈ کلاس گائیڈڈ میزائل فریگیٹ سیف جس پر جدید Z9EC ہیلی کاپٹر بھی موجود تھا اور جنگی معاون جہاز نصر جس پر سی کنگ ہیلی کاپٹر موجود تھا،پر مشتمل تھا۔

رائل ملیشین نیوی کے فریگیٹ کے ڈی لیکرجس پر فینک ہیلی کاپٹر موجو دتھا اور پٹرول شپ کے ڈی سیلانگورنے مشق میں حصہ لیا۔ پاک بحریہ اور رائل ملیشین نیوی کے درمیان ’’ مال پاک 2017 ‘‘ کے نام سے منعقد ہونے والی بحری مشق کا مقصد مشترکہ بحری جنگی چالوں، مہارتوں اور لائحہ عمل کو تشکیل دے کر دونوں ممالک کی بحری افواج کی مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں کو بڑھانااور باہمی تعلقات میں اضافے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بحری تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

مال پاک 2017 ہاربر اور سی فیز پر مشتمل تھی۔ مشق کا ہاربر فیز پیشہ ورانہ موضوعات کے مباحثوں، جہازوں پر چڑھنے کی عملی مشقوں اور منصوبہ بندی کانفرنسز پر مشتمل تھا۔سی فیز میں تمام بحری آپریشنز شامل تھے جن میں کراس ڈیک ہیلو آپریشنز ، تارپیڈوکے حملوں کو روکنے ، ہتھیاروں کی فائرنگ اور جوائنٹ میری ٹائم انٹر ڈکشن آپریشنز قابلِ ذکر ہیں۔

پاک بحریہ اوررائل ملیشین نیوی کے درمیان برسوں پرانے تعلقات پائے جاتے ہیں تاہم پہلی باہمی بحری مشق ہونے کے ناطے بحری مشق مال پاک 2017 ایک یکتا مشق ہے جو ہر دو سال بعد پاکستان اور ملائیشیا کے سمندروں میں منعقد کی جائے گی۔ خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب کرنے، دونوں ممالک کی استعدادی صلاحیت بڑھانے کے علاوہ یہ مشق پاکستان اور ملائیشیا کے مابین بحری تعاون میں مزید اضافے کا باعث ہو گی۔