کراچی کی کرتا دھرتا سیاسی جماعتوں نے شہر کو تباہ کردیا،مسائل کے باعث میئر کو نیند نہیں آنی چاہیے ،آصف حسنین

شہر کی دو بڑی سیاسی جماعتوں نے مینڈیٹ رکھنے کے باوجود عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ،6اپریل سے بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی ،پریس کانفرنس

بدھ 29 مارچ 2017 17:51

کراچی کی کرتا دھرتا سیاسی جماعتوں نے شہر کو تباہ کردیا،مسائل کے باعث ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پاک سرزمین پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر آصف حسنین نے کہا ہے کہ کراچی کی کرتا دھرتا سیاسی جماعتوں نے شہر کو تباہ کردیا ہے ۔ شہر کے مسائل کے باعث میئر کراچی کو نیند نہیں آنی چاہیے جس طرح مصطفی کمال راتوں کو جاگ کر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کرتے تھے اسی طرح موجودہ میئر کو بھی کرنی چاہیے ۔

6اپریل سے شروع ہونے والی احتجاج تحریک میں کراچی کے عوام بھرپور انداز میں شرکت کریں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آصف حسنین نے کہا کہ اس شہر کی دو بڑی سیاسی جماعتوں نے مینڈیٹ رکھنے کے باوجود عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ۔دونوں جماعتیں کراچی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان لوگوں نے شہر کو تباہ کردیا ہے ۔

لچھے دار گفتگو کرکے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا ہے ۔عوام ایسی سیاسی جماعتوں کو جان گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے ارکان اپنی تنخواہوں میں اضافے کی بات کررہے ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ملک کی دولت لوٹنے والے آزاد گھوم رہے ہیں ۔کے الیکٹرک نے 62 ارب روپے اور بلنگ کے نام پر لوٹے ہیں ۔ہم نے اس پر عدالت میں درخواست دائر کردی ہے ۔

آصف حسین نے کہا کہ سندھ میں مہاجر کارڈ کھیل کر اقتدار حاصل کیا جاتا ہے ۔ شہر کے مسائل کے باعث میئر کراچی کو نیند نہیں آنی چاہیے ۔جس طرح مصطفی کمال راتوں کو جاگ کر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کرتے تھے اسی طرح موجودہ میئر کو بھی کرنی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے شہر کے مسائل کیلئے 6اپریل سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔مصطفی کمال نے اس شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردارادا کیا ہے ۔ہم مصطفی کمال کو یقین دلاتے ہیں کہ کراچی کے عوام اس تحریک میں بھرپور انداز میں حصہ لیں گے ۔انہوںنے کہا کہ طلبا، تاجر ، سماجی تنظیمیں اور کراچی کے شہری6 اپریل کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، یہ تحریک مسائل کے حل تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :