2018ء کے عام انتخابات میں ترقی کی مخالف سیاسی پارٹیوں کو عبرتناک شکست ہوگی ‘پرویز ملک

اپنی کرپشن چھپانے کیلئے الزام تراشی پر اتر آئے ہیں،عوام انہیں سمجھ چکے بہت جلد ان کا سیاسی دیوالیہ ہونیوالا ہے ‘رکن اسمبلی

بدھ 29 مارچ 2017 17:51

2018ء کے عام انتخابات میں ترقی کی مخالف سیاسی پارٹیوں کو عبرتناک شکست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں ترقی کی مخالف سیاسی پارٹیوں کو عبرتناک شکست ہوگی،ماضی میں کوئی ٹن فیصد اور پھر100فیصد کمیشن لیتا رہا ماضی کے یہ کمیشن ایجنٹ آج اپنی کرپشن چھپانے کے لئے دوسروں پر الزام تراشی پر اتر آئے ہیں، کوئی دھرنوں کے ذریعے ملکی ترقی میں رکاوٹ کا باعث بننے کی کوشش کرتا رہا اور کسی نے عوام کی لوٹی ہوئی دولت کو چھپانے کے لئے الزامات کا سہارا لینا شروع کردیا ہے، عوام ان کو سمجھ چکے ہیں اور بہت جلد ان کا سیاسی دیوالیہ ہونے والا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرارکان اسمبلی رمضان صدیق بھٹی چوہدری محمد شہباز، عامر خان،خواجہ اظہر فاروقی،سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ہمارے اپنے نام نہاد سیاستدان غیروں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے سی پیک کے خلاف برسر پیکار رہے ہیں اور سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوکشش کرتے رہے ہیں،لیکن وہ ناکام ہوں گے۔

پاکستان انشاء اللہ ترقی کرے گا اور دنیا پاکستان کی طرف معاشی بہتری کے لئے رخ کرے گی،انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف چین کا منصوبہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کا بھی منصوبہ ہے،اس سے نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان کے نوجوان کے لئے بہترین روزگار بھی ہوگا اور ملکی معیشت بھی مضبوط اوربہترین پوزیشن میں ہوگی ، انہوں نے کہا کہ جو ممالک پاکستان سے دور بھاگتے تھے اب وہ پاکستان کے قریب آنے کی کوشش کررہے ، صرف اس لئے کہ پاکستان اب آگے بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :