ْسپیکر قومی اسمبلی کا قونیہ کا دورہ ،گورنر قونیہ سے ملاقات ،مولانا رومیؒ کے مزار پر حاضری

گورنر قونیہ سے پاک ترک تعلقات کے فروغ، زرعی پیداوار و مشینری، فوڈ پروسیسنگ اور دفاعی صنعت کے اضافے پر تبادلہ خیال

بدھ 29 مارچ 2017 17:45

ْسپیکر قومی اسمبلی کا قونیہ کا دورہ ،گورنر قونیہ سے ملاقات ،مولانا ..
اسلا م آباد /قونیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے بدھ کے روز قونیہ کا دورہ کیاجو کہ ایک پارلیمانی وفد کے ہمراہ تر کی کے دورہ پر ہیں ۔قونیہ ،تر کی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گورنر قونیہ Yakup Janpolat نے سپیکر قومی اسمبلی کا استقبال کیا۔ گورنر ہائوس میں سپیکر اور گورنر قونیہ کے مابین ہونے والی ملاقات میں پاک ۔

تر ک تعلقات کے فروغ خصوصًازرعی پیداوار،زرعی مشینری ،فوڈ پروسیسنگ اور دفاعی صنعت کے اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سر دار ایاز صادق نے گورنر ہائوس میں رکھی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تا ثرات قلم بند کیے۔ بعدازاں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تر کی کے درمیان پائے جانے والے برادرانہ تعلقات خصوصی نوعیت کے حامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاک۔تر ک فرینڈزشپ گروپ سب سے بڑا پارلیمانی گروپ ہے اور یہ گروپ دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین پائے جانے والے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے انتہائی فعال کردار ادا کررہا ہے ۔سپیکر نے کہا کہ مسلمان دنیا کے عظیم صوفی شاعر مولانا جلال الدین رومیؒ کو بڑی عزت کی بھاہ سے دیکھا جاتا ہے جنہیں پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کا روحانی استاد بھی تصور کیا جاتا ہے ۔

بعدازاں گورنر قونیہ Yakup Janpolat نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔قبل ازیں قونیہ سے اے کے پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ Ms H․sn․ye Erdoan اور ڈپٹی گورنر قونیہ نے قونیہ کے ریلوے اسٹیشن پر وفد کا استقبال کیا ۔سر دار ایاز صادق اور وفد کے اراکین نے عجائب گھر اور عظیم صوفی شاعر مولانا جلال الدین رومی کے مزار کا دورہ کیا اور دعاکی ۔ وفد نے قونیہ عجائب گھر میں محفل سماع دیکھی اور مولانا جلال الدین رومی کے مزار کے احاطے میں علامہ اقبال کی علامتی قبر کابھی دورہ کیا ۔یاد رہے کہ قونیہ کو ملتان کا جڑواں شہر ہونے کا درجہ بھی حاصل ہے ۔