پاکستان اور بحرین قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار ہیں،نواز شریف

بدھ 29 مارچ 2017 16:55

پاکستان اور بحرین قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار ہیں،نواز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے بحرینی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار ہیں،دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے یہ دعوت بدھ کے روز ایوان وزیراعظم میں بحرین کے وزیر صنعت وتجارت زیدالزیانی کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ تاریخی،ثقافتی اور مضبوط عوامی روابط پر مبنی ہیں اور باہمی اقتصادی تعاون کے نتیجے میں برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔پاکستان میں سیاحت کا شعبہ سرمایہ کاروں کیلئے ہمیشہ سے دلچسپی کا مرکز رہا ہے لہٰذا بحرین کے لئے بھی سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں لہٰذا بحرینی سرمایہ کاروں کو سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے دونوں ممالک کے عوام کو بھی مزید قریب لانا چاہئے کیونکہ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری سے ایک طرف ترقی وخوشحالی آئے گی تو دوسری جانب دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے کے قریب آئیں گے جو دوستانہ تعلقات کو پروان چڑھانے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی شہری دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ باہمی ترقی وخوشحالی میں بھی اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کر رہے ہیں جو انتہائی خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک کی اقتصادی سفارتکاری کیلئے مثبت کردار کو سراہا جبکہ بحرین کے شاہ حمد بن یحییٰ الخلیفہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بحرینی وزیر زید الزیانی نے وزیراعظم نوازشریف کو شاہ حمد بن یحییٰ کا پیغام پہنچایا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وزیراعظم کی دعوت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو سکیں گی۔