سلیم شہزاد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت 14اپریل تک کے لیے ملتوی کردی گئی

کینسر کے مرض میں مبتلا ہوں، مجھے یہاں آکر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کی سزا دی جارہی ہے،میڈیا سے بات چیت

بدھ 29 مارچ 2017 16:49

سلیم شہزاد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت 14اپریل تک کے لیے ملتوی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) کراچی کی مقامی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما سلیم شہزاد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت 14اپریل تک کے لیے ملتوی کردی ہے ۔بدھ کو کراچی کی مقامی عدالت میں سلیم شہزاد کے خلاف لانڈھی میں جلاؤ گھیراو کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو کیس کی فائل پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جیل مینوئل کے مطابق قیدی کو علاج کرانے کا حق حاصل ہے ۔

سلیم شہزاد کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ عدالت میں تفتیشی افسر کی جانب سے کیس فائل جمع کرانے کے لئے مہلت طلب کی گئی ۔ عدالت نے سلیم شہزاد کیس کی فائل 14 اپریل تک تفتیشی افسر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم شہزادنے کہا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور مجھے یہاں اکر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کی سزا دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

میں لندن سے پاکستان انصاف لینے آیا ہوں ۔جو کروڑوں کی کرپشن میں ملوث ہیں وہ ملک میں ازاد گھوم رہے ہیں ۔میرے خلاف سندھ حکومت پولیس کو استعمال کر رہی ہے۔واضح رہے انسدادہشتگردی کی عدالت نے 11 مارچ کو سلیم شہزاد کی دہشتگردوں کے علاج معالجہ کیس میں ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد 1992 میں جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات میں پولیس نے سلیم شہزاد کو گرفتاری کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :