سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین کو 19ماہ بعد تمام مقدمات میں ضمانت مل گئی

ْ 26اگست 2015کو دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے ،462ارب روپے کے کرپشن کیس میں رینجرز نے گرفتارکیا تھا

بدھ 29 مارچ 2017 16:49

سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین کو 19ماہ بعد تمام مقدمات میں ضمانت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین کو بالآخر 19ماہ بعد تمام مقدمات میں ضمانت مل گئی ہے ۔ڈاکٹر عاصم حسین کو 26اگست 2015کو دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے اور 462ارب روپے کے کرپشن کیس میں رینجرز نے گرفتار کرلیا تھا ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو سندھ ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین کی ضمانت منظورکرلی ۔

سابق مشیر پٹرولیم کو 26 اگست 2015 کو رینجرز نے گرفتار کیا۔ان کو 27 اگست عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پر عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو 90 روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔ 90 روز تحویل میں رہنے کے بعد ڈاکٹر عاصم کے خلاف رینجرز کی جانب سے عدالت میں دہشتگردوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق 352 صفحات پر مشتمل دستاویزات فراہم کیں جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم کے اسپتال میں دہشتگردوں کو سہولت فراہم کرنے سے متعلق بلز ملے تھے جبکہ مزید بتایا گیا کہ انہوںنے سوئی سدرن گیس کمپنی میں کرپشن، زمینوں پر قبضہ، منی لانڈرنگ ۔

(جاری ہے)

ٹرسٹ کی زمین کا غلط استعمال رشوت ستانی کی مد میں 462 ارب روپے مبینہ کرپشن کی جس کے بعد نیب کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کے خلاف باقاعدہ طور پر ایس ایس جی سی میں 462 اور جے جے وی ایل میں 17 ارب کرپشن سے متعلق ریفرنس دائر کئے ۔ڈاکٹر عاصم کے وکلا کی جانب سے 7 دسمبر 2015 کو نیب ریفرنسز میں درخواست ضمانت دائر کی گئی جبکہ ڈاکٹر عاصم اور شریک ملزمان پر 462 ارب کرپشن ریفرنس میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔

ڈاکٹر عاصم کے وکلا کی جانب سے انسدادہشتگردی کی عدالت میں دہشتگردوں کو سہولت فراہم کرنے سے متعلق کیس میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عاصم کی طبی بنیادوں پر دہستگردوں کے علاج کے کیس میں ضمانت منظور کی جبکہ ایس ایس جی سی اور جے جے وی ایل میں ریفرنس میں 3 فروری کو دو ججز کی رائے منقسم ہونے کے باعث ریفری جج مقرر کیا گیا۔ جسٹس افتاب احمد گورڑ نے ڈاکٹر عاصم کی دونوں ریفرنسز میں ضمانت سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جسی29 مارچ کو جسٹس فاروق شاہ نے سناتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور کر لی اوربالآخر 19ماہ پابند سلاسل رہنے کے بعد ڈاکٹر عاصم کو رہائی کا پروانہ مل ہی گیا۔

متعلقہ عنوان :