معاشی ترقی میں توانائی اہم جزو ہے،رواں سال کے اختتام تک ملکی ضرورت کے مطابق بجلی کی پیدا وار حاصل کرلی جائے گی،

گورنر سندھ محمد زبیر کا بریفنگ میں اظہارخیال

بدھ 29 مارچ 2017 16:45

معاشی ترقی میں توانائی اہم جزو ہے،رواں سال کے اختتام تک ملکی ضرورت ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معاشی ترقی میں توانائی اہم جزو ہے،رواں سال کے اختتام تک ملکی ضرورت کے مطابق بجلی کی پیدا وار حاصل کرلی جائے گی۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں توانائی کے شعبہ کے بارے میں ایک اہم بریفنگ کے دوران کیا جس میں کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد ، توانائی شعبہ کی کمپنیوں کے سربراہان ، یونیورسٹی کے اساتذہ ، طالب علموں اور میڈیا سے تعلق رکنے والے ا فرادنے شرکت کی، اجلاس کا مقصد توانائی کے شعبہ میں وفاقی حکومت کے اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا ۔

بریفنگ سے خطاب میںگورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کی اقتصادی ترقی و خوشحالی کو اولین ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ معاشی میدان میں کامیابی حاصل کئے بغیر کوئی ملک ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مختلف شعبوں بجلی، گیس، سی پیک، سیکورٹی صورتحال ، مالی اقدامات اور دیگر اہم معاملات پر گورنر سندھ کی جانب سے صوبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے بریفنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انھیں ان شعبوں میں وفاقی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا جاسکے اور آج اس سلسلہ کی پہلی بریفنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس بریفنگ کا مقصد توانائی کے شعبہ ، کا روباری برادری ، اساتذہ ، طلبہ اور میڈیا کو ایک جگہ جمع کرکے اس شعبہ کی ترقی کے لئے ان کے خیالات سے آگاہی حاصل کرنا ، مسائل جاننا اور ان کے حل کے لئے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کے بھی ایسے اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے اختتام تک ملکی ضرورت کے مطابق بجلی کی پیدا وار حاصل کرلی جائے گی اور اگلے سال تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ ملک میں وافر مقدار میں فاضل بجلی بھی دستیاب ہو گی ۔

انہو ں نے مزید کہا کہ 2012 ء میں بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 12 روپے فی یونٹ تھی جو کہ اب کم ہو کر 8 روپے 80 پیسے رہ گئی ہے جبکہ 2022 ء تک اسے مزید کم کرکے 6 روپے 25 پیسے کردیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر مملکت اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئر مین مفتاح اسماعیل نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ اگلے سال 600 ملین کیوبک فٹ درآمد ی گیس کی دستیابی سے ملک سے گیس کی کمی کا خاتمہ ہو جائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعتوں کو ایل این جی اور قدرتی گیس پر لانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں مسلسل صنعتی پیداوار کو یقینی بنا یا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کے ذخائر میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے اس ضمن میںنئے ذخائر کی تلاش ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ گیس کے متبادل ذرائع کے استعمال کی حوصلہ افزائی بھی کرنا ہوگی تاکہ صنعتی اور گھریلو صارفین کو گیس کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال جو لائی تک ملک سے گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی ۔ انہوں نے حاضرین کو 2013 ء اور اب تک کی صورتحال کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا اور کہا کہ گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے باعث گیس کی کمی کی صورتحال پر قابو پالیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی پیدا کرنے کے لئے بھی گیس استعمال کی جارہی ہے اور کے الیکٹرک ، سوئی سدرن گیس کا سب سے بڑا صارف ہے ۔

اس موقع پر اپنی بریفنگ میں سیکریٹری پانی و بجلی ایم یونس دھاگہ نے بتا یا کہ 2015 ء سے صنعتوں سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ گھریلو صارفین کے لئے بھی لوڈشیڈنگ کم ہو کر 3 سے 4 گھنٹے تک رہ گئی ہے ۔گورنر سندھ نے بریفنگ میں شرکت کرنے پرانرجی شعبہ کے سربراہان، یونیورسٹی کے اساتذہ ، طالب علموں ، صحافیوں اور بزنس کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم اسی وژن اور لگن کے ساتھ وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :