وزیراعظم کی دوسری پاک بحریہ کاروباری مواقع کانفرنس میں بحرین کی فعال شرکت کی تعریف

بحرینی وفد کو پاکستان کے تجارتی اور سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے کی دعوت

بدھ 29 مارچ 2017 16:38

وزیراعظم کی دوسری پاک بحریہ کاروباری مواقع کانفرنس میں بحرین کی فعال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے دوسری پاک بحریہ کاروباری مواقع کانفرنس میں بحرین کی فعال شرکت کی تعریف کرتے ہوئے بحرینی وفد کو پاکستان کے تجارتی اور سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔وہ بدھ کو بحرین کے وزیر برائے صنعت تجارت و سیاحت زید آر الزیانی سے وزیراعظم آفس میں گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

بحرین کا وفد شیخ حمد بن سلمان الخلیفہ بدر فرید ‘ عبدالرحمن عیسیٰ السعد ‘ سید ہشان الوائی سلمان الساکن اور بحرین کے دیگر حکام پر مشتمل تھا ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ‘ وزیر تجارت خرم دستگیر خان ‘ بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک اور سینئر حکام موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے دوسری پاک بحرین کاروباری مواقع کانفرنس میں بحرین کی فعال شرکت کو سراہتے ہوئے بحرینی وفد کو پاکستان کے تجارتی اور سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی میدان میں تعاون سے برادرارنہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ بحرین میں پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان انسانی پل کا کردار ادا کرتی ہے اور دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔وزیراعظم نے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

بحرین کے وزیر تجارت نے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی طرف سے وزیراعظم کے لئے نیک تمنائیں پہنچاتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو وسعت دینے کے خصوصی مینڈیٹ کے ساتھ آئے ہیں انہوں نے پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے جاوید ملک کے کردار کو سراہتے ہوئے اقتصادی سفارتکاری کے بارے میں ان کے مثبت کردار کی تعریف کی ۔

متعلقہ عنوان :