فیصل آباد میں برف سپلائی کرنے والے ڈالے پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ،ساتھی زخمی

بدھ 29 مارچ 2017 16:38

فیصل آباد۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) فیصل آباد میں برف سپلائی کرنے والے ڈالے پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس تھانہ صدر کے علاقہ محلہ نور پورہ گلی نمبر 1ستیانہ روڈ پر اسی محلہ کا رہائشی محمد عابد ولد عبدالرشید اپنے کزن قیصر رضوان ولد شکور کے ہمراہ برف سپلائی کر رہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان اقبال اور اعجاز وغیرہ نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں قیصر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ عابد شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس ذرائع نے بتایاکہ مقتول قیصر کے کزن اور زخمی عابد کے بھائی نے پسند کی شادی کر رکھی تھی جس پر لڑکی کے اہلخانہ کو شدید رنج تھا۔انہوںنے بتایاکہ مقتول قیصر کا کزن بھی یہی ڈالہ چلاتا تھا جس پر بدھ کی صبح ملزمان کو شک گزرا کہ قیصر کا کزن یہ ڈالہ لے کر نکلا ہے لیکن اس وقت کزن کی بجائے قیصر اس ڈالے کو چلا رہا تھا مگر ملزمان نے غلط فہمی میں ان پر فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقتول اور زخمی کے اہلخانہ ، لواحقین و عزیز و اقارب جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے اور مقتول قیصر کی لاش ستیانہ روڈ پر رکھ کر ٹریفک بلاک کرتے ہوئے شدید احتجاج شروع کر دیا تاہم پولیس حکام کی مداخلت اور ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر مقتول قیصر کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال روانہ کر دی گئی جبکہ مضروب کو بھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دریں اثناء ملزمان کے خلاف مختلف نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :