چیئرمین بلدیہ وسطی کی گرین لائن بس پروجیکٹ کی انتظامیہ سے ملاقات

بدھ 29 مارچ 2017 15:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بدھ کو گرین لائن بس پروجیکٹ کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کی طرف سے شروع ہونے والے منصوبہ کی بروقت تکمیل پر زور دیا تاکہ شہریوں کو جلد بہتر سفری سہولت میسر آسکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گرین لائن پروجیکٹ کی انتظامیہ نے ریحان ہاشمی کو پروجیکٹ کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 26 کلو میٹر پر محیط گرین لائن بس کا سفر سرجانی ٹاؤن سے شروع ہوکر میری ویدرٹاور پر ختم ہوگا۔

اس کے 22 اسٹیشن ہونگے اور 24 بسیں استعمال ہونگی جن کا کنٹرول اور کمانڈ سسٹم گارڈن ویسٹ میں بنایا جا رہا ہے۔ اس سروس سے کراچی میں ٹریفک کا رش کم ہوگا اور عوام کو تیز تر سفری سہولیات میسر ہونگی۔ گرین لائن پروجیکٹ کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ اس پروجیکٹ کی تعمیر کے باعث جو پودے ضائع ہوگئے ہیں ہم بلدیہ وسطی کے تعاون سے دوسری جگہوں پر شجر کاری مہم کے زریعے نئے پودے لگائیں گے تاکہ ماحول میں آلودگی کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔