این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی زیر صدارت آٹھویں قومی کتاب میلے کے سلسلے میں اہم میٹنگ

کتاب میلے کی تیاری کے سلسلے میں تمام امور کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ شعبوں کو ضروری ہدایات جاری

بدھ 29 مارچ 2017 15:00

این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی زیر صدارت آٹھویں قومی کتاب میلے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء)گزشتہ روز نیشنل بُک فائونڈیشن کے کانفرنس روم میں این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی زیرِ صدارت قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے تحت 22اپریل 2017ء کو این بی ایف کے پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر میں منعقد ہونے والے آٹھویں سہ روزہ قومی کتاب میلے کے تمام شعبہ جاتی امور کی پیش رفت کاجائزہ لینے کے حوالے سے خصوصی میٹنگ ہوئی۔

میٹنگ میں این بی ایف کے سیکرٹری اشتیاق احمد ملک سمیت ایڈمن، فنانس، مطبوعات اور دیگر شعبوں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی اور کتاب میلے کے حوالے سے رپورٹس پیش کیں۔ مینیجنگ ڈائریکٹر اور سیکرٹری این بی ایف نے تمام امور کا جائزہ لیا اور مختلف پہلوئوں پر متعلقہ شعبوں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے دو ہفتے قبل مشیرِ وزیراعظم پاکستان برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں این بی ایف کے آٹھویں قومی کتاب کے سلسلے میں کیے گئے فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق اس سال کتاب میلے کو زیادہ سے زیادہ بامقصد، پُر کشش اور ملک بھر کے عوام میں قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کی علامت کے طور پر منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کتاب میلے کا تھیم ’’ کتاب زندگی امید روشنی‘‘ رکھا گیا ہے جو پیغام آفریں تھیم ہے۔ ایم ڈی نے این بی ایف کے تمام افسران اور کارکنان کو کتاب میلے کو قومی تقاضوں کے مطابق کامیاب اور یاد گار بنانے کے لیے دن رات کام کرنے کی ہدایت کی۔