کراچی ‘ڈسٹرکٹ سینٹرل میںایس ایس بی یوم پاکستان فٹبال میچ برابری پر ختم

بدھ 29 مارچ 2017 14:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) ڈی ایف اے کراچی سینٹرل کے زیر اہتمام او ر سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے سرعبدالله ہارون فٹبال اسٹیڈیم (کھجی گراؤنڈ ) گلبہارپریوم پاکستان کے موقع پر ایس ایس بی یوم پاکستان فٹبال فیسٹول میچ میں میزبان کراچی اسپورٹس اور غوثیہ اسپورٹس نیوکراچی کے مابین کھیلا جانے والا میچ انتہائی سنسنی خیزر ہا اور گراؤنڈ پر موجود کثیر تعداد میں موجود شائقین نے عمدہ کھیل پر دونوں ٹیموں کو زبردست داد تحسین پیش کی۔

22ویں منٹ میں کراچی اسپورٹس کو محمد آصف کے ذریعہ پہلے برتری حاصل ہوئی لیکن اس برتری کاوقفہ سے قبل شاہ خالد نے خاتمہ کرکے اپنی ٹیم کو خسارے سے نکال کر مقابلہ 1-1سے برابر کردیا گیا ۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی محمد عامر خان ، چیئرمین یوسی 50 اورظفر ،اعجاز نائب چیئرمین کے علاوہ ڈی ایف اے سینٹرل کے سیکریٹری محمد سلیم پٹنی (گولڈ میڈلسٹ) نائب صدر محمد شمیم، سابق قومی کپتان محمد نقی خان، ایسوسی ایٹ سیکریٹری سید خورشید علی شاہ، اراکین وسیم عالم، آدم جان، لالا اورنگزیب، زون انچارج محمد قاسم، عقیل عباسی، مطاہر حسین، ارشد الله ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

51ویں منٹ میں منصور نے غوثیہ اسپورٹس کو 2-1سے آگے کردیا۔ تاہم کھیل کے آخری لمحات میں کراچی اسپورٹس کے امیر بخش نے درست نشانہ لگا کر میچ کو 2-2سے برابری میں تبدیل کردیا۔مقررہ دورانیہ میں مقابلہ 2-2گول سے برابر رہنے کے باعث کراچی اسپورٹس نے بحیثیت میزبان غوثیہ اسپورٹس کو اعزازی فاتح قرار دے کر اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔ریفری سلیم الدین بابر کے معاونین نور عالم اور شہروز جبکہ فورتھ آفیشل امیر بخش اور میچ کمشنر سید خورشید علی شاہ تھے۔

میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی محمدعامر خان نے سیکریٹری اسپورٹس سندھ سلیم رضا،ڈائریکٹرسندھ اسپورٹس بورڈ شہزاد پرویز بھٹی، کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ مشیر ربانی و دیگر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں فٹبال میچ کا انعقاد کراکے یوم پاکستان کی یاد کو تازہ کرکے اپنے محب وطن ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ ہم توقع رکھیں گے کہ قومی دنوں کے ساتھ ساتھ عام دنوں میں بھی فٹبال کھیل کے مقابلوں کے انعقاد کے سلسلے کو جاری رکھا جائے تاکہ احساس محرومی کا شکار فٹبال کھیل کی کچھ اشک سوئی ہوسکے ۔

سیکریٹری سلیم پٹنی نے سندھ گورنمنٹ اور سندھ اسپورٹس بورڈ کے ذمہ داران کیجانب سے ڈی ایف اے سینٹرل میں فیسٹول میچ کا انعقاد کرکے ہماری اور مقامی کھلاڑیوں کو بڑی حوصلہ افزائی کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔بعدازاں مہمان خصوصی نے غوثیہ اسپورٹس کو اعزازی ونر ٹرافی اور کراچی اسپورٹس کو رنر ٹرافی اور کیش پرائز اور کھلاڑیوں میںانفرادی انعامات بھی تقسیم فرمائے۔