آزادکشمیر میں نئی تنظیم سازی کر دی گئی ہے ‘ یہ تنظیم تین سال کیلئے بنائی گئی ہے‘بلاول بھٹوزرداری

بدھ 29 مارچ 2017 14:37

آزادکشمیر میں نئی تنظیم سازی کر دی گئی ہے ‘ یہ تنظیم تین سال کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں نئی تنظیم سازی کر دی گئی ہے ۔ یہ تنظیم تین سال کیلئے بنائی گئی ہے ۔ پارٹی کے تمام کارکنان کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے 2018ء کے انتخابات کیلئے کام کیاجائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمدیٰسین سے ملاقات کے دوران کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی میدان سجنے والا ہے ۔ آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی ہیوی مینڈیٹ کے ساتھ میدان میں آئے گی ۔ آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر میں نئی تنظیم سازی کردی گئی ہے ۔ پیپلزپارٹی کے تمام ورکروں کو متحرک کیا جارہاہے ۔میں خود سارے پاکستان کا دورہ کروں گا ۔

(جاری ہے)

ہر ضلع میں جاؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کے ہاتھ باندھ دیئے گئے تھے ۔

اس بار گاؤں گاؤں ، قریہ قریہ جا کر اپنے کارکنوں سے ملوں گا اور2018ء کے انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج ظلم وستم کی نئی داستانیں رقم کررہی ہے۔ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی ریلی پر فائرنگ سے چار کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا ۔بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پرگولیاں چلانا روز کامعمول بن چکا ہے ۔

سیز فائر لائن پر بھی آئے روز فائرنگ کی جاتی ہے جس سے سویلین افراد شہید اور زخمی ہوتے ہیں ۔ اقوام عالم اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کانوٹس لیں اور ان مظالم کو بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرے نانا نے کشمیرپر جو موقف اپنایاتھا میں اسی موقف کو لے کر آگے بڑھ رہا ہوں۔ کشمیری عوام جدوجہد آزادی میں کامیابی حاصل کریںگے ۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے اپنا کردار اداکرے ،اور اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے ۔