ڈینگی مچھر کی پیدائش و افزائش کو روکنے اوراس کا صفایا یقینی بنانے کے لئے کڑی سرویلنس کی ہدایت

بدھ 29 مارچ 2017 14:33

ڈینگی مچھر کی پیدائش و افزائش کو روکنے اوراس کا صفایا یقینی بنانے کے ..
فیصل آباد۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) ڈینگی مچھر کی پیدائش و افزائش کے ممکنہ ذرائع کا سراغ لگا کر ان کا صفایا یقینی بنانے سمیت خصوصی طور پر قبرستانوں کی کڑی سرویلنس کی ہدایت کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں ڈینگی کے خلاف مہم کو پورے جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے جبکہ اس سلسلے میں محکمانہ کوششیں ماند نہیں پڑنی چاہئیں تاکہ موجودہ سیزن میں ڈینگی کا مسئلہ سر نہ اٹھا سکے۔

یہ بات ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر زاہد مالک نے کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کے دوران انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نوازش گورایہ،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر بلال احمد اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے کہا کہ ڈینگی کی پیدائش و افزائش کے ممکنہ ذرائع کا سراغ لگا کر ان کا صفایا یقینی بنایا جائے اور خصوصی طور پر قبرستانوں کی کڑی سرویلنس کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آگاہی کیلئے منظم انسداد ڈینگی تحریک کے مئو ثر نتائج حاصل کئے جائیں تاکہ ہر فرد تک ڈینگی مچھر کے لاروا کی تلفی اور اس سے بچائو کا احساس برقرار رہے۔اجلاس کے دوران ضلعی کوآرڈینینٹر نے بتایا کہ اینٹی ڈینگی ٹیموں کی جدید خطوط پر تربیت کے علاوہ سرکاری و نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کی بھی ٹریننگ کرائی جاچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان ڈور اور آئوٹ ڈور میں بعض جگہوں سے ملنے والے ڈینگی لاروا کو کیمیکل ٹریٹمنٹ کے ذریعے تلف کردیا گیا ہے اور سرویلنس کا عمل ذمہ داری سے جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :