زرعی ادویات کے ڈیلرز کو لائسنسوں کے اجراء اور انکی تجدید کیلئے 10اپریل تک درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی

بدھ 29 مارچ 2017 14:33

فیصل آباد۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء)زرعی ادویات کے ڈیلرز کو لائسنسوں کے اجراء اور ان کی تجدید کیلئے 10 اپریل تک درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور محکمہ زراعت شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈ کی جانب سے ضلع فیصل آباد میں پیسٹی سائیڈز ڈیلرز کے لائسنسز کے اجراء اور تجدید کیلئے جاری کردہ شیڈول میں بتایاگیا ہے کہ اس سلسلہ میں درخواستیں یکم اپریل سے 10 اپریل تک وصولی کی جائیں گی جبکہ ٹریننگ کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈاکٹر عامر رسول نے بتایا کہ نئے درخواست گزار ٹریننگ فیس چھ ہزار روپے جبکہ تجدیدفیس تین ہزار روپے دفتر میں جمع کرا کر رسید حاصل کریںاور ہر لحاظ سے مکمل درخواستیں دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول پلانٹ پتھالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے دفتر میں 10 اپریل تک جمع کروا دیں کیونکہ مقررہ تاریخ کے بعد کسی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ نئے لائسنسز کے اجراء کیلئے درخواست گزار سادہ کاغذ پر درخواست لکھ کر ہمراہ سند میٹرک،شناختی کارڈ ڈومیسائل،پاسپورٹ سائزتصاویر چار عدداور تمام کاغذات کی تصدیق شدہ فوٹو کاپیاں منسلک کریں گے جبکہ تجدید کیلئے ڈیلرز پرانے لائسنس کی فوٹو کاپی بھی درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہو گی ۔