شہروںمیں ماڈل کیٹل مارکیٹس کا قیام لائیوسٹاک کی ترویج وترقی کیلئے اہم انقلابی قدم ہے

بدھ 29 مارچ 2017 14:33

فیصل آباد۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء)فیصل آباد سمیت صوبہ کے تمام بڑے شہروں میں ماڈل کیٹل مارکیٹس کا قیام لائیوسٹاک کی ترویج وترقی کیلئے اہم انقلابی قدم ہے جبکہ اس اقدام سے مذکورہ شعبے میں منظم کاروباری مواقع فراہم کرنے کے مقاصد کا حصول یقینی ہو سکے گا لہٰذا متعلقہ حکام ڈویژن بھر میں مویشی منڈیوں کے انتظام وانصرام کو مزید بہتر بنانے کیلئے جامع اقدامات کریں اور اس سلسلے میں مویشیوں کے بیوپاریوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔

یہ بات انچارج ماڈل کیٹل مارکیٹس/ایم این اے افضل کھوکھر نے کمشنر آفس میں منعقدہ فیصل آباد کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کمپنی کی زیرنگرانی مویشی منڈیوں کے انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ایم پی اے میاں محمدرفیق جھنگ اورچنیوٹ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز چوہدری ہارون الرشید،طارق نیازی،جنرل مینجر ایڈمن میجروجاہت علی جاوید،چیف فنانس آفیسر عمران علی صفدر،سینئر وائس پریذیڈنٹ چیمبرآف کامرس رانا سکندر اعظم،لائیوسٹاک بریڈر صفدر سلیم سیال اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قائمقام ایم ڈی /ایڈیشنل کمشنر(کوآرڈینیشن)ملک خادم جیلانی نے مویشی منڈیوں کے ترقیاتی امور اور دیگر انتظامی معاملات کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ جھنگ میں ملہوآنہ موڑ پر لگنے والی مویشی منڈی کوجدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے جس کے لئے ترقیاتی پلان ترتیب دے دیا گیاہے۔انچارج ماڈل کیٹل مارکیٹس افضل کھوکھر نے کہا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار کو مزید تیز کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق ۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے اور مویشی پال حضرات کو ماڈل کیٹل مارکیٹس میں لانے کے لئے انہیں ضروری ترغیبات فراہم کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ملت روڈ پر دھنولہ مویشی منڈی کو ماڈل کیٹل مارکیٹ میں منتقل کرنے کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ نیاموآنہ کے قریب ماڈل مویشی منڈی میں مویشی پال حضرات،بیوپاریوں اورمویشیوں کیلئے ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔اس موقع پر ماڈل مویشی منڈیوں کے فوائد عام بیوپاریوں تک پہنچانے کے سلسلے میں ضروری امور کاجائزہ بھی لیا گیا۔