وفاقی کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد نیکسٹ جنریشن موبائل سپکٹرم نیلامی 2014ء اور 2016ء میں بقایا بچ جانے والے سپکٹرم کی ازسرنو نیلامی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام نے پی ٹی اے کو پالیسی ہدایات جاری کر دیں، پی ٹی اے کو رواں مالی سال میں 1800 میگا ہرٹز اور دس میگا ہرٹز کا ایک بینڈ شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کا عندیہ، مجوزہ نیلامی میں سپکٹرم کی بنیادی قیمت 295 ملین امریکی ڈالرز متعین

بدھ 29 مارچ 2017 14:02

وفاقی کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد نیکسٹ جنریشن موبائل سپکٹرم نیلامی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) وفاقی کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد نیکسٹ جنریشن موبائل سپکٹرم نیلامی 2014 ء اور 2016 ء میں بقایا بچ جانے والے سپکٹرم کی ازسر نو نیلامی کے لیے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام نے پی ٹی اے کو پالیسی ہدایات جاری کر دی ہے ، اس پالیسی ہدایات کی رو سے پی ٹی اے کو رواں مالی سال میں1800 میگا ہرٹز اور دس میگا ہرٹز کا ایک بینڈ شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے ۔

بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطا بق موبائل براڈ بینڈ کی کھپت اور اُس کی مانگ میں روز افزوں اضافے کے سبب فریکوئنسی سپکٹرم کی ڈیمانڈ میں بے حد اضافہ ہو چکا ہے ۔2014 ء اور 2016 ء میں تھری اورفورجی سپکٹرم کی کامیاب نیلامی کے بعد موبائل براڈ بینڈ کی شرح نمو جو قبل ازیں محض تین فیصد سے کم تھی ،اب 27فیصد سے بھی تجاوز کر چکی ہے ۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم کے حکم پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کی زیر صدارت ایک ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ مارکیٹ میں سپکٹرم کی بڑھتی ہوئی مانگ کا تجزیہ کرکے اُس کا حل تجویز کیا جائے۔

بعدازاں ایڈوائز ی کمیٹی نے متعدد مشاورتی اجلاس منعقد کیے اور سپکٹرم کی دستیابی کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر غور و خوض کیا گیا ، آخری اجلاس میں حتمی سفارشات مرتب کر کے برائے منظوری وفاقی کابینہ کو بھجوائی گئیں ۔ کابینہ کی طرف سے حتمی منظوری موصول ہونے کے بعد وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام نے پی ٹی اے کو پالیسی ڈائریکٹو برائے نیلامی سپکٹرم 1800 میگا ہرٹز 10 میگا ہرٹزجاری کر دیا ہے۔

اس پالیسی ڈائریکٹو کی رو سے مجوزہ نیلامی سپکٹرم کی بنیادی قیمت 295 ملین امریکی ڈالرز متعین کی گئی ہے۔ پی ٹی اے یہ نیلامی اسی مالی سال میں کروانے کا پابند ہو گا۔ نیلامی سے متعلقہ رقم کی ادائیگی کی شرائط بعین وہی ہوں گی جو قبل ازیں سپکٹرم نیلامی2014 ء میں طے کی گئی ہے۔ تمام موجودہ اور نئے ٹیلی کام آپریٹر ز اس نیلامی میں شرکت کرنے کے اہل ہو ں گے۔

نئے لائسنس کی مدت 15 سال متعین کی گئی ہے انفراسٹرکچر شیئرنگ اور نیشنل رومنگ سے متعلقہ امور کا تصفیہ ٹیلی کام پالیسی 2015 ء میں دئیے گئے اصول و ضوابط کے مطابق ہو گا۔ اُمید و اثق ہے کہ حکومت کی طرف سے نئے فریکوئنسی سپکٹرم کی دستیابی کا یہ اقدام موبائل کی صنعت کو اپنے کوالٹی نیٹ ورک کو بہتر بنانے اور اُسے ملک کے کونے کونے تک پھیلانے میں انتہائی مؤثر اور معاون ثابت ہو گا۔ معلومات عامہ کیلئے پالیسی ڈائریکٹو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی ویب سائٹ (www.moitt.gov.pk ) پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔