سرگودہا ڈویژن میں مردم شماری کا دوسرا مرحلہ 25اپریل سے شروع ہو گا

بدھ 29 مارچ 2017 13:44

سرگودہا ڈویژن میں مردم شماری کا دوسرا مرحلہ 25اپریل سے شروع ہو گا
سرگودھا۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) سرگودہا ڈویژن میں مردم شماری کا دوسرا مرحلہ 25اپریل سے شروع ہو گا، جس کیلئے ڈویژن بھر میں 6986بلاکس ‘ 1037 سرکل او ر139 چار جز قائم کر دیئے گئے ہیں ، مردم شماری کیلئے 5136سول فیلڈ سٹاف کے ساتھ ساتھ اتنی ہی تعداد پاک آرمی کی بھی ہوگی جس میں سے 1294سپروائزری سٹاف ،3842مردم شماری کا عملہ اور اتنی ہی تعداد میں پاک آرمی فیلڈ سٹاف فرائض سر انجام دے گا، دوسرے مرحلہ میں مردم شماری کیلئے انتظامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے ، اس ضمن میں پاک آرمی کے ساتھ ساتھ سول انتظامیہ او رمتعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کر لیاگیاہے ، ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنرسرگودہا لیاقت علی چٹھہ نے ضلع میں مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں 25اپریل سے مردم شماری کے انتظامات کا جائزہ کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ ملک میں مردم شماری 19سال بعد ہور ہی ہے یہ ایک قومی فریضہ ہے ، جس کو تمام ادارے او رشہری پوری دیانتداریسے سر انجام دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ مردم شماری کیلئے مقرر فیلڈ سٹاف او ر پاک آرمی پرسانل کے ساتھ بھر پور تعاون کریں او رانہیں درست معلومات مہیا کریں کیونکہ مردم شماری ملکی اقتصادیات ‘ معاشیات او رمنصوبہ بندی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں کلیدی اہمیت کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اجلاس کو مزید بتایاگیا کہ مردم شماری کا پہلا مرحلہ پندرہ مارچ سے شروع ہو کر پندرہ اپریل جبکہ دوسرا مرحلہ 25اپریل سے 25 مئی تک جاری رہے گا ،حکومت کے فیصلہ کے مطابق پہلی بار خصوصی افراد او رخواجہ سراؤں کو علیحدہ شمار کیاجائے گا۔ اجلاس کو بتایا کہ مردم شماری کیلئے ایک ہیلپ لائن 0800-57574 قائم کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :