لبریشن فرنٹ کے لیڈروں اور کارکنوںنے مقبوضہ کشمیرمیں انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم جاری رکھی

چھاپوں اور خوف و دہشت پھیلاکر الیکشن ڈرامے کو کامیاب بنانے کا عمل غیر جمہوری اور آمرانہ ہے، یاسین ملک

بدھ 29 مارچ 2017 13:36

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے وفود نے وسطی اور جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مقبوضہ علاقے میں بھارت کے آئندہ نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم جاری رکھی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کے ڈھونگ انتخابات نو اور بار ہ اپریل کو سرینگر اور اسلام آباد کے حلقوں میں منعقد ہوں گے ۔

لبریشن فرنٹ کے اراکین اور رہنمائوں نے بیلو پلوامہ، نازنین پورہ شوپیان،بیہامہ، واکورہ اور خان پورہ گاندربل، زلنگام ،کوکر ناگ،اچھہ بل اڈہ، کے ایم ڈی اڈہ اور ریشی بازار اسلام آباد اور صفا کدل، نواب بازار،چھتہ بل اور ہیڈون چوک سرینگر گئے اور گھر گھر جاکر لوگوں سے نام نہاد الیکشن ڈرامے کا مکمل بائی کاٹ کرنے کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے مشترکہ حریت قیادت کے مشتہر کردہ الیکشن بائی کاٹ پمفلٹ اور تحریری مواد لوگوں میںتقسیم کیااور انہیں اس فرسودہ عمل سے دور رہنے کی تلقین کی۔

ادھر جموںوکشمیرلبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی رہنماء محمد یاسین بٹ کے گھر پر بھارتی فورسز کے چھاپے اور انکے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کی ہے ۔ ا نہوںنے کہا کہ بشیر احمد کشمیری ، بشیر احمد راتھر (بویا)عبدالستار ، مشتا ق احمد میر ، مولوی ریاض ، فیصل اسلام ، ظہور احمد خان ، عاشق حسین ، تنویر احمد الہی، جان محمد پرے اور عرفان احمد خان سمیت بیسیوںپارٹی رہنمائوں اور کارکنوںکو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیولں اور پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیاگیا ہے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

یاسین ملک نے کہاکہ چھاپوں،گھر گھر تلاشیوں اور خوف و دہشت پھیلاکر نام نہاد الیکشن ڈرامے کو کامیاب بنانے کا عمل ہر لحاظ سے غیر جمہوری اور آمرانہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہزاروں بچوں ،بزرگوں اور جوانوں کو قید میں ڈال کر نام نہادالیکشن کا جو ڈرامہ رچا جارہا ہے وہ اپنی رہی سہی افادیت بھی کھو چکا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس ڈھونگ کا مکمل بائیکاٹ کریں ۔

متعلقہ عنوان :