تھانہ محرران کو لازمی تربیت کے بعد میرٹ پر تعینات کیا جائے گا‘ سید اختر علی شاہ

بدھ 29 مارچ 2017 13:33

پشاور۔29مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) قائم مقام آئی جی پولیس سید اختر علی شاہ نے پولیس امیج اور تھا نہ کلچر میں بہتری کے عوامی مطالبات کے پیشِ نظر تھانہ محرران کی ذمہ داریوں پر مبنی تین ماہ کا لازمی کورس شروع کرانے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کے شعبہ تربیت اور پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کو ہدایات جاری کیں ہیںتا کہ تھانہ محرران کو آئندہ کے لیے لازمی تربیت حاصل کرنے کے بعد میرٹ پر تعینات کیا جائے۔

پولیس ذرائع کے مطابق محرران کیلئے ترتیب دیے گئے ایک ماہ کے موجودہ کورس کو مزید وسعت دی جائے گی ۔ اس کورس میں تعلیم یافتہ پولیس حوالداران اور اے ایس آئی کے عہدے کے افسران شریک ہوں گے۔ کورس کے دوران پولیس تھانہ ریکارڈ، انٹیلی جنس ، عوام سے رابطہ رکھنے اور کمپیوٹر کی مہارت حاصل کرنا لازمی ہوگی ۔

(جاری ہے)

قائم مقام آئی جی پولیس نے عدالتوں میں تعینات عملے کی تربیت کے لیے پراسیکیوشن اور تفتیش سے متعلق معلومات پر مبنی تین ماہ کا لازمی کورس تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ عدالتوں میں مقدمات کی درست پیروی ہو سکے اور آئندہ کے لیے سفارش یا بغیر اہلیت کے نائب کورٹس کی تعیناتی کا سلسلہ ختم کیا جا سکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے شعبہ تربیت میں ان انقلابی اقدامات سے عوام میں پولیس کا بہتر امیج ابھرے گا اور تھانہ کلچر میں واضح تبدیلی آ جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :