سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت منظور، آج رہا ہونے کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 29 مارچ 2017 12:30

سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت منظور، آج رہا ہونے کا امکان
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29 مارچ 2017ء) : سندھ ہائیکورٹ میں سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضمانت سندھ ہائیکورٹ کے ریفری جج جسٹس آفتاب نے منظور کی ۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو پاسپورٹس جمع کروانے اور ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت نیب کی جانب سے دائر دو ریفرنسز میں منظور کی گئی۔

ڈاکٹر عاصم کی ضمانت میڈیکل گراؤنڈ پر منظور کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عصم حسین پر نیب کی جانب سے 479 ارب روپے کی کرپشن کے دو ریفرنسز دائر کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو پچیس، پچیس لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو اگست 2015ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر عاصم حسین پر دہشتگردوں کو پناہ دینے ، انہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے اورکرپشن کے الزامات تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضمانت منظور ہوتے ہی ڈاکٹر عاصم حسین کے وکلا سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی نقل حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس کے بعد عدالت سے ریلیز آرڈر جاری کیا جائے گا۔ ریلیز آرڈر جاری ہونے کے بعد آج ہی ڈاکٹر عاصم حسین کو جناح اسپتال سے رہا کیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :