روس کا افغان حکومت اور طالبان مذاکرات میں ایران کی شمولیت کا خیرمقدم

تہران، روس، ترکی قازقستان میں شامی امن مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے،روسی وایرانی صدروکی ملاقات

بدھ 29 مارچ 2017 12:06

روس کا افغان حکومت اور طالبان مذاکرات میں ایران کی شمولیت کا خیرمقدم
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) روسی دارالحکومت ماسکو میں ایرانی صدر حسن روحانی کی اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملاقات میں کئی شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔روسی میڈیا کے مطابق دونوں صدور کی اس ملاقات میں نہ صرف توانائی کے شعبے میں اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا بلکہ یہ بھی طے کیا گیا کہ شام اور افغانستان میں قیام امن کے لیے مشترکہ کوششیں بھی جاری رکھی جائیں گی۔

روسی صدر پوٹن نے ان مذاکرات کے بعد کہا کہ ایران اور روس ’بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا عمل جاری رکھیں گے۔ حسن روحانی کا روس کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔اس دورے کے آغاز پر روحانی نے امید ظاہر کی تھی کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نیا موڑ ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ روس، ترکی اور ایران کی ثالثی کے نتیجے میں شام میں ہونے والی فائر بندی کے باعث وہاں جھڑپوں میں کمی لانے میں کامیابی ہوئی ہے۔

ان تینوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں کی بدولت قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شامی امن ماکرات کے دو دور ہوئے ہیں اور یہ ممالک ایک تیسرے راؤنڈ کے انعقاد کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔شام میں خانہ جنگی گزشتہ چھ سال سے جاری ہے اور جہاں روس اور ایران مسلسل شامی صدر بشار الاسد کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، وہاں ترکی اسد کے مخالفین کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔

پوٹن نے کہا کہ روس افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مکالمت کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں میں ایران کی شمولیت کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔روس کے دو روزہ دورے کے اختتام پر ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ تہران، روس اور ترکی قازقستان میں شام کے حوالے سے امن مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاہم اٴْنہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آستانہ میں بات چیت کا تیسرا دور کب ہو گا۔

روحانی نے کہا کہ پوٹن کے ساتھ بات چیت میں اٴْنہوں نے شام کے ساتھ ساتھ یمن کی صورتِ حال پر بھی تبادلہ? خیال کیا۔ایرانی صدر کے اس دورے کے دوران توانائی اور اقتصادیات کے شعبوں میں کئی ایک سمجھوتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ ایران میں مئی میں اگلے صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں، جن میں روحانی ایک بار پھر صدارت کے امیدوار ہوں گے۔ اس تناظر میں بھی وہ ایرانی معیشت کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔