تحصیل اٹھارہ ہزاری میں ایک کروڑ57لاکھ روپے کی لاگت سے ریسکیو1122کا سب اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے

بدھ 29 مارچ 2017 00:00

جھنگ ۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) ضلع جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کے قصبہ واصو آستانہ میں چار کنال اراضی پر ایک کروڑ57لاکھ روپے کی لاگت سے ریسکیو1122کا سب اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے جس کی تعمیر کا افتتاح رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد اعظم چیلہ نے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122انجینئر علی حسنین اوردیگر سٹاف، علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات میاں محبوب احمد چیلہ، میاں مظفر محبوب چیلہ، میاں علی رضا چیلہ اور علاقہ کے مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر ایم پی اے میاں محمد اعظم چیلہ نے کہا کہ ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں تعلیم و صحت اور دیگر شعبوں کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ریسکیو1122کی سروس بھی فراہم کی جار ہی ہے جس کی بدولت حادثات کا شکاراور دیگر ایمرجنسی کی صورت میں متاثرہ افراد کو تیز رفتاری سے ہسپتالوں اور بنیادی مرکز صحت میں پہنچا کر ان کا علاج معالجہ ممکن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے ریسکیو1122کیلئے ایک ایمبولینس عطیہ کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ اس سنٹر کو دستیاب دیگر ضروریات کابھی خیال رکھا جائیگا۔ ایم پی اے نے کہا کہ علاقہ کی فلاح و بہبو دکیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے 9ارب روپے کی لاگت سے تریموں ہیڈ ورکس کی توسیع کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے جبکہ گورنمنٹ گرلز کالج کے قیام کیلئے 6کروڑ روپے کی خطیر رقم فراہم کی جا چکی ہے جس سے تحصیل سمیت واصو آستانہ اور دیگر پسماندہ علاقوں کی محرومی دور ہوگی اور عوامی حکومت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہیگا۔

انہوںنے کہا کہ الیکشن کے موقع پرعوام سے کیا گیا ایک ایک وعدہ پورا کردیا گیا ہے تاہم بنیادی ضرورت کے چھوٹے چھوٹے منصوبے بھی مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر نہیں ہوگی۔ایم پی اے نے کہا کہ غریب عوام کی خدمت ہمارا شعار ہے اٹھارہ ہزاری میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، زرعی ترقیاتی بینک ، واپڈا(فیسکو) دفتر اور اراضی سنٹر کاقیام بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے ۔

ڈی او ایمرجنسی ریسکیو1122انجینئر علی حسنین نے اپنے خطاب کے دوران علاقہ میں ریسکیو1122کی سروس شروع کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سروس کسی بھی ایمرجنسی کے دوران عوام کو مکمل ریلیف فراہم کریگی اور عوامی خدمت میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہوگی ۔اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کے دوران کہا کہ ایم پی اے نے علاقہ کو درکار ضروریات کا خیال رکھا ہے۔ انہوںنے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی تعمیرو ترقی ، انرجی بحران اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے کی جانیوالی کاوشوں کو سراہا۔