وزیراعظم محمد نواز شریف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں اور پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف اوقات میں مختلف علاقوں کے دورے بھی کرتے ہیں تاکہ عوام کے مسائل حل کر کے انہیں بہترسے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں،ان کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 29 مارچ 2017 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں اور وہ پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف اوقات میں مختلف علاقوں کے دورے بھی کرتے ہیں تاکہ عوام کے مسائل حل کر کے انہیں بہترسے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کے دوروں کا پانامہ کے متوقع فیصلے سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ بات عمران خان صاحب بھی جانتے ہیں کہ ان کا کیس اس قابل نہیں کہ شریف فیملی کو کوئی نقصان ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ شکست کے بعد اخلاقی فتح تلاش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پانامہ کیس سے اپنے سیاسی مقاصد کا حصول چاہتے ہیں جن کا دھرنا بھی ناکام ہوا اور وہ کارکردگی کی بنیاد پر بھی ہم سے پیچھے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ لوگ عمران خان کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں جس کا ثبوت عوام نے ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اپنے بھرپوراعتماد کا اظہار کر کے دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ہم سندھ میں بھی اسی طرح الیکشن لڑیں گے جس طرح ملک کے دیگر حصوں میں لڑتے ہیں تاکہ یہاں کے عوام کے معیار زندگی کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب سمیت ملک بھر کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کی وجہ سے دوبارہ کامیابی بھی حاصل کریں گے۔