لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا

منگل 28 مارچ 2017 23:21

لاڑکانہ ۔ 28مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے جس کے لئے لاڑکانہ ڈویزن کے پانچ اضلاع لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور سمیت دادو ضلع کی دو تحصیلوں کے این شاہ اور میہڑ سے تعلق رکھنے والے نویں اور دسویں جماعت کے 81552 طلبہ و طالبات امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں جن کے لئے 135 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیمی بورڈ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لئے 25 وجیلنس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ دوسری جانب تعلیمی بورڈ لاڑکانہ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لئے تشکیل کردہ چھاپہ مار ٹیموں نے کارروائی کرتے 118 امیدواروں کو کاپی کیس کرتے ہوئے امتحانی مراکز سے باہر نکال دیا جبکہ 6 اساتذہ کو بدانتظامی کے باعث امتحانات میں ڈیوٹیاں ختم کرکے تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کو ان کے خلاف کاروائی کے لئے لکھا گیا ہے۔