ضلع میں موجودہ سیفزن کے دوران ایک لاکھ 49 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی، ایڈنشل ڈپٹی کمشنر ریونیو

منگل 28 مارچ 2017 23:46

فیصل آباد ۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) حکومت پنجاب کی پالیسی برائے گندم خریداری مہم کے تحت محکمہ خوراک کے زیر اہتمام ضلع میں اس سیزن کے دوران ایک لاکھ 49 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی اور اس مقصد کیلئے ضلع میں 11 خریداری مراکز کام کریں گے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں گندم کی خریداری مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز بلاول ابڑو،میر محمد نواز بھروانہ،شہریارعارف،مصورخاں نیازی،کنورانوارخاں،کنول بتول،ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹرایگری کلچر تنویر شامی، ڈی او انڈسٹریز خالد محمود اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سفیان آصف اعوان نے گندم کی خریداری مہم کے سلسلے میں ضروری انتظامات سے آگاہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے خریداری سنٹرز کی سطح پر ٹارگٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گندم کے گوداموں کی صفائی ستھرائی اور کیمیکل ٹریٹمنٹ کے علاوہ باردانہ کی منصفانہ تقسیم اور گندم کی خریداری کا تمام عمل ہر لحاظ سے شفاف ہونا چاہیئے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ گندم کی خریداری مہم کے سلسلے میں ضروری انتظامات کا روزانہ جائزہ لیں اور انہیں قبل از وقت مکمل کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری مہم کو کسان دوست بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہیئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ باردانہ کی تقسیم کے سلسلے میں کاشتکاروں کی سہولت کیلئے متعلقہ سٹاف کی سنٹرز پر حاضری کو بنایا جائے اور ہر سنٹر پر کاشتکاروں کی معلومات کیلئے آگہی بینرز بھی آویزاں ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ گرداوری لسٹ جلد فراہم کی جائے تاکہ متعلقہ افسران کو ڈیوٹیز تفویض کی جاسکیں۔اجلاس کے دوران سٹوریج پلان،سنٹر کوارڈینیٹرز کی تعیناتی،مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے سنٹرز پر کسانوں کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی،لیبرریٹ اور دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔