چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کی حقیقی کارکردگی سامنے لانے کے لئے محکمہ صحت اور مانیٹرنگ سٹاف باہمی رابطہ کو مزید بہتر بنائیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)

منگل 28 مارچ 2017 23:46

فیصل آباد ۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء)چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کی حقیقی کارکردگی سامنے لانے کے لئے محکمہ صحت اور مانیٹرنگ سٹاف باہمی رابطہ کو مزید بہتر بنائیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)خالد مسعود فروکہ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ ریونیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی ایم او صنم گوندل نے مانیٹرنگ رپورٹس اور سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نوازش گورایہ نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،محکمہ صحت کے دیگر افسران،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس،سینئر میڈیکل آفیسرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے مانیٹرنگ رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے بعض ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا اور سختی سے تاکید کی کہ صفائی ستھرائی کا اعلیٰ نظام ہمہ وقت برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عادی غیر حاضر ڈاکٹرز و سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی کرکے رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں اور ہفتہ کے ساتوں ایام میں 24 گھنٹے کام کرنے والے بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی سوفیصد دستیابی،سٹاف کی حاضری اور دیگر طبی سہولتوں کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیئے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی بائیومیٹرک حاضری کیلئے سٹینڈرڈ سسٹم کے تحت عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے طبی مشینری کی ورکنگ حالت میں موجودگی کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ تمام انڈیکیٹرز پر ذمہ داری سے عملدرآمد ہونا چاہیئے تاکہ صحت کے شعبہ میں ضلع کی مجموعی کارکردگی متاثر نہ ہو۔