چلڈرن ہسپتال میں میڈیکل سروسز کے معیار کو ہمہ وقت برقرار رکھیں ، ڈپٹی کمشنر

منگل 28 مارچ 2017 23:46

فیصل آباد ۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ چلڈرن ہسپتال میں میڈیکل سروسز کے معیار کو ہمہ وقت برقرار رکھیں اور تمام طبی و تشخیصی مشینری کی دیکھ بھال و تحفظ کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ انہوں نے یہ ہدایت چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے دوران مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد فخر ‘ کوارڈینیٹر ڈاکٹر حافظ مختار رندھاوا ‘ ایس ڈی او ( بلڈنگز ) سارا قمر اور دیگر افسران و ڈاکٹرز اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شعبہ ایمرجنسی کا معائنہ کیا اور علاج معالجہ کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹرز و سٹاف سے کہا کہ مریض بچوں کی صحت کی بحالی کے لئے دستیاب طبی سہولیات کے ثمرات ان تک پہنچانے میں کوئی کمی نہیں رہنی چاہئے کیونکہ بچے قوم کا مستقبل ہیں انکی صحت کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایمرجنسی وارڈز میں زیر علاج بچوں کی صحت اور ان کے والدین سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ ایشیاء کا بڑا چلڈرن ہسپتال بتدریج ترقی کی منازل طے کر رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی مرض میں مبتلا نومولود بچوں کے لئے وینٹی لیٹر سمیت دیگر متعلقہ طبی ضروریات کا جائزہ لینے کے علاوہ شعبہ ایکسرے ‘ الٹرا سائونڈ ‘ تشخیصی لیبارٹری اور اپریشن تھیٹر کی کارکردگی چیک کی ۔

انہوں نے ادویات کی دستیابی اور فراہمی کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا اور کہا کہ کوئی مریض دوائی سے محروم نہیں رہنا چاہئے ۔ انہوں نے چلڈرن ہسپتال کی عمارت کے مختلف حصے بھی دیکھے اور اسے سنٹرل ائرکنڈیشنڈ بنانے کے لئے بعض حصوں میں تعمیراتی رد و بدل سے توڑ پھوڑ کو فوری مرمت کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ ایئر کنڈیشنڈ کی تنصیب کا کام بھی دو دن کے اندر مکمل کریں ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد فخر نے چلڈرن ہسپتال کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مریض بچوں کو طبی معائنہ ‘ علاج و تشخیص کی مستعد سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ہسپتال سے رجوع کرنے والے مریض بچوں کی روزانہ اوسط تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کی بدولت الائیڈ ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کے شعبہ اطفال میں مریضوں کا بوجھ کم ہوا ہے جوکہ چلڈرن ہسپتال کی سروسز پر بھر پور اعتماد کا واضح اظہار ہے ۔