آصف زرداری نے کہا تھا کہ حکمران جماعت کو 4 سال سیاست کا موقع دیں گے ، ہم پر تو فرینڈلی سیاست کا الزام ہے ، پاکستان میں ابھی تک لوڈ شیڈنگ بھی ختم نہیں ہوئی ، پیپلز پارٹی پنجاب میں آرہی ہے مخالفین کو ڈر ہے کہ ان کی ضمانتیں نہ ضبط ہو جائیں،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ کی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

منگل 28 مارچ 2017 23:46

آصف زرداری نے کہا تھا کہ حکمران جماعت کو 4 سال سیاست کا موقع دیں گے ..
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے کہا تھا کہ حکمران جماعت کو 4 سال سیاست کا موقع دیں گے ، ہم پر تو فرینڈلی سیاست کا الزام ہے ، پاکستان میں ابھی تک لوڈ شیڈنگ بھی ختم نہیں ہوئی ، پیپلز پارٹی پنجاب میں آرہی ہے مخالفین کو ڈر ہے کہ ان کی ضمانتیں نہ ضبط ہو جائیں۔

وہ منگل کو سکھر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی بھی نہیں ہے جب کہ لاہور میں250 سو کروڑ کی میٹرو بنائی جا رہی ہے اور ملک میں ابھی تک لوڈ شیڈنگ کا دور دورہ ہے ۔ 6 مہینے میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنے والوں سے چار سال میں بھی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

ہم پر الزام لگایا جاتا ہے کہ ہم فرینڈلی سیاست کرتے ہیں ۔

آصف زرداری نے کہا تھا کہ حکمران جماعت کو چار سال سیاست کا موقع دیں گے ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں آگئی ہے اب مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہونگی ۔ ہم نے اپنے تمام وعدے پورے کیے ۔ ہم پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ ہم نے موٹروے کیوں نہیں بنائی ۔ عالمی معاشی بحران میں ہم موٹروے کیسے بنا سکتے تھے ۔ 2010-11 میں سیلاب آیا تھا اس لیے پوری طرح سے کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیا ۔ ملازمین کی پنشنیں بڑھائیں ۔ حکمران جماعت نے مختلف سکیموں کے نام پر قوم کو بیوقوف بنایا ۔ میاں صاحب لاہور کو پاکستان سمجھتے ہیں ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم سیاست کرتے ہیں کسی پر ذاتی حملہ نہیں کرتے ۔ غریب آدمی قرضوں کے بوجھ تلے دب رہا ہے ۔ چوہدری نثار کو اپنی ضمانت ضبط ہونے کا خطرہ ہے اس لئے وہ پہلے ہی شور ڈال رہے ہیں ۔

ہر پاکستانی بچہ ایک لاکھ 34 ہزار کا مقروض ہو چکا ہے ۔ پیپلز پارٹی دوبارہ اپنی حکومت بنائی گی اور غریبوں کو روز گار دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپر ہائی وے کی ایک لائن بڑھا کر کہا گیا کہ ہم موٹروے بنا رہے ہیں ۔ جب الیکشن آتا ہے تو سیاستدانوں کو غریب یاد آجاتے ہیں ۔ میاں صاحب ریاست کو کمزور جب کہ ہم وفاق کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں ۔ عوام کو حکمرانوں کے ڈراموں کا اندازہ ہو گیا ہے ۔ اب وہ شوبازوں کے فریب میں نہیںآئیں گے ۔…(م د)