سندھ ایگریکلچر گروتھ پروجیکٹ کو پورے صوبے تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر محمد علی

منگل 28 مارچ 2017 22:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اور فشریز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ سندھ ایگریکلچر گروتھ پروجیکٹ سندھ کی عوام کے لئے بڑے فائدے والا منصوبہ ہے جس کو ہم پورے صوبے تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے عالمی بینک کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفد میں شامل کنٹری مینجر جعفر خان، ٹیم لیڈر طاہرہ سید، نذر حسین مہر اور سیف اللہ کھوکھر شامل تھے جبکہ سیکریٹری لائیو اسٹاک فشریز غلام حسین میمن، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک علی اکبر سومرو، ڈائریکٹر جنرل فشریز غلام محمد مہر، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر نذیر احمد کھوڑو نے شرکت کی جنہوں نے عالمی بینک کے وفد کو پروجیکٹ میں ابھی تک ہونے والے کاموں پر بریفننگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر لائیواسٹاک اور فشریز محمد علی ملکانی نے کہا کہ عالمی بینک کے اس منصوبے سے دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے میں بڑی مدد ملی ہے جس سے سندھ کے عوام کو مالی فائدہ مل رہا ہے اور اس منصوبے کو پورے سندھ تک بڑھانے سے مال مویشی رکھنے والے افراد کو نہ صرف مالی فائدہ ہوگا بلکہ سندھ کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی شفافیت پر زور دے کر محنت اور لگن سے کام کیا جائے تاکہ یہ منصوبہ مقررہ مدت تک پایہ تکمیل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو خدمت کے جذبہ کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے عالمی بینک کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وہ اس منصوبے میں آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :