وزارت انسانی حقوق کے زیراہتمام انسانی حقوق لائحہ عمل پر صوبائی ٹاسک فورس سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد

منگل 28 مارچ 2017 22:30

کوئٹہ۔28مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء)وزارت انسانی حقوق کے زیراہتمام صوبائی محکمہ سماجی بہبودو انسانی حقوق اور ادارہ استحکام شرکتی ترقی کے اشتراک سے انسانی حقوق لائحہ عمل پر صوبائی ٹاسک فورس سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اورینٹیشن سیشن میں رکن صوبائی اسمبلی محترمہ انیتہ عرفان، سیکریٹری سماجی بہبود ڈاکٹر کہور خان، ڈی جی ہیومن رائٹس محمد ارشد، ڈائریکٹر ذوالفقار علی جھمٹ، ڈی جی سوشل ویلفیئر مسرت جبین کے علاوہ متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیومن رائٹس محمد ارشد نے شرکاء کو ہیومن رائٹس پالیسی ڈرافٹ سے متعلق تفصیلی پریزینٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ انسانی حقوق کے لائحہ عمل کی وزیراعظم محمد نواز شریف نے 13فروری 2016ء کو باقاعدہ منظوری دے دی ہے جس کے نفاذ کے لئے ملک بھر میں بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انسانی حقوق کے قومی لائحہ عمل کے تحت انسانی حقوق کے تصورات کے مطابق اسکول، کالج اور لاء ڈگری نصاب کو جدید خطوط پور استوار کرنے کے علاوہ پولیس اور جیل اسٹاف کی ایس اور پیز اور تربیت میں بہتری لانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ڈی جی انسانی حقوق نے لائحہ عمل کی خصوصیات، پالیسی اینڈ لیگل ریفارمز اور انسانی حقوق کی ترجیحات پر عملدرآمد سے متعلق بھی تفصیلاً آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور یو این معاہدہ پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محترمہ انیتہ عرفان اور سیکریٹری سماجی بہبود ڈاکٹر کہور خان بلوچ نے انسانی حقوق لائحہ عمل سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کے ذریعے صوبہ بھر میں اس کے نفاذ اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مکمل تعاون اور یقین دہانی کرائی۔