آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

منگل 28 مارچ 2017 22:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے اعزاز میں راولپنڈی پولیس لائن میں الوداعی تقریب کا انعقاد ۔ راولپنڈی ریجن کے تمام افسران نے آئی جی پی کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ۔ آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی و دیگر ڈی پی اوز نے یادگاری تصاویر اور سونیئر پیش کیے ۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے اعزاز میں راولپنڈی پولیس لائن میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ آئی جی پی پنجاب کو پولیس لائن پہنچنے پر راولپنڈی پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔آئی جی پی پنجاب نے راولپنڈی پولیس لائن میں قائم یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور دعا کی بعد ازاں پولیس لائن میں نئے ٹیوب ویل کا افتتاح بھی کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں آر پی او راولپنڈی محمد وصال فخر سلطان راجہ ، سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی ، کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ سہیل حبیب تاجک ، اٹک ، چکوال ، جہلم کے ڈی پی اوز ، سی ٹی او راولپنڈی ، ایس ایس پی پٹرولنگ راولپنڈی ، ایس پی سی ٹی ڈی اور راولپنڈی ریجن کے تمام افسران و ملازمان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب کے باقاعدہ آغاز کے بعد ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد وصال فخر سلطان راجہ نے آئی جی پی کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ۔

آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ آئی جی پی نے اپنی بھرپور کوششوں سے محکمہ پولیس پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کیا ۔ علاوہ ازیں پنجاب پولیس کے شہدا کی فیملیز کے لیے بہترین پیکج دلوانے اور سکیل اپ گریڈیشن آئی جی پی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ آر پی اوراولپنڈی نے آخر میں آئی جی پی کی تمام کاوشوں پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی خدمات اور اقدامات کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سی پی او راولپنڈی اسر ار احمد خان عباسی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی پنجاب کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا ۔ سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ ایک لیڈر میں جو خصوصیات پائی جاتی ہیں و ہ تمام خصوصیات آئی جی پی پنجاب میں پائی جاتی ہیں ۔ آپ نے محکمہ پولیس کو صحیح معنوں میں تبدیل کیا ہے آپ نے ہر موقع پر ہمیں بہترین انداز میں گائیڈ کیا ہے ۔

آخر میں سی پی او راولپنڈی نے کہا ہم ہمیشہ آپ کے بتائے ہوئے بہترین معیار کو اپنانے کی کوشش کریں گے اور ہماری نیک خواہشات اور تمنائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گی ۔ کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ سہیل حبیب تاجک ، ڈی پی او اٹک زاہد اللہ مروت ، ڈی پی او چکوال ہارون جوائیہ اور ڈی پی او جہلم عبد الغفار قیصرانی نے باری باری اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پی پنجاب کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ۔

آخر میں آئی جی پی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو نیک نیتی سے کام کرتا ہے اس ہی کے خوابوں کی تعبیر ممکن ہوتی ہے ۔ پولیس کے پاس ایک اہم ترین فریضہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کا ہے ۔ اس لیے پولیس کسی بھی معاشرے کا ایک اہم ترین محکمہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام حفاظت کے علاوہ معاشرے میں امن کی فضا ء قائم کرنا ہے۔

آئی جی پی پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے محکمہ پولیس اور تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے اہم اقدمات کیے اور شہدا کی فیملی کیلئے بہترین پیکج کی منظوری دی ۔ آئی جی پی پنجاب نے کہا کہ میں نے ہمیشہ میرٹ کی پالیسی کو فروغ دیا ہے اور آپ بھی آئندہ اس پالیسی پر عمل پیرا رہ کر دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔

پنجاب پولیس ایک بہترین فورس ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں اس فورس کا کمانڈر رہا ہوں ۔ تمام افسران کو نصیحت کی کہ ہمیشہ انصاف کا دامن تھام کر رکھیں تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔ تقریب کے آخر میں آر پی او راولپنڈی نے آئی جی پی پنجاب کو یادگاری شیلڈڈ پیش کی ۔ سی پی او راولپنڈی اور دیگر اضلاع کے ڈی پی اوز نے یاد گاری تصاویر اور تحائف پیش کیے۔

متعلقہ عنوان :