کوہاٹ پولیس نے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرکے 21مشتبہ افراد کر گرفتار کرلیا

منگل 28 مارچ 2017 22:10

کوہاٹ۔28مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) کوہاٹ پولیس نے کامیاب کاروائی کے دوران دھماکہ خیز مواد اور خود کاراسلحہ برآمد کرکے مطلوب اشتہاریوں سمیت 21مشتبہ افراد کر گرفتار کرلیا ہے۔جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی بلی ٹنگ اور جنگل خیل کے مختلف علاقوں میں عمل میں لائی گئی ہے۔تلاشی آپریشن کی اس کاروائی میں اشتہاری مجرمان کے گھروں اور حساس اداروں کی نشاندہی پر جرائم پیشہ افرادکے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی اوکوہاٹ جاوید اقبال کے احکامات کی روشنی میں سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کو قانون کی گرفت میں لانے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے تسلسل میں تھانہ جنگل خیل کے ایس ایچ او قسمت خان نے پولیس نفری کے ہمراہ علاقہ ملنگ آباد میں واقع اشتہاری مجرم ارشاد ولد غلام رسول کے گھر پر اچانک چھاپہ مارا جہاں تلاشی کے دوران پولیس نے گھر کے ایک کمرے سے تین عدد دستی بم اور ڈیٹونیٹر ز برآمد کرکے محفوظ کرلئے۔

(جاری ہے)

تاہم اشتہاری مجرم پولیس کی آمد کو محسوس کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔دریں اثناء ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ سب انسپکٹر طاہر محمود نے حساس اداروں کی اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری کے ہمراہ دور افتادہ علاقوں شادی خیل اور کمال خیل میں مختلف مقامات پر اچانک چھاپوں کے دوران 19مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،دو رائفل ،تین پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرلئے۔

آپریشن میں گرفتاف افراد کو فوری طور پر تھانہ بلی ٹنگ لایا گیا جہاں ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں سات افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے پابند سلاسل کردیا گیا ہے جبکہ دیگر مشتبہ افراد کو ضروری چھان بین کے بعد رہا کردیا گیا۔چار گھنٹے تک جاری رہنے والی آپریشن میںوی وی ایس،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس کی جدید ٹیکنالوجی آلات کی مدد سے مشکوک گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا اور کاروائی میںخواتین پولیس اہلکاروں،بم ڈسپوذل سکواڈ،حساس اداروں کے اہلکاروں اور بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔

علاوہ ازیں ضلعی پولیس کی مختلف مقامات پرکاروائیوں میں تین مطلوب اشتہاری مجرمان کو بھی حراست میں لیکر جیل منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے شہر کی شاہراہوں پر قائم ناکہ بندیوں میں مزید 150نان رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں تحویل میں لیکر قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :