بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ایڈمنسٹریٹر

منگل 28 مارچ 2017 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے لہذا تمام افسران وعملہ صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اپنے فرائض پوری دیانتداری سے انجام دیں ان خیالات کا اظہارایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی غلام فریدنے کیماڑی زون میں جاری صفائی ستھرائی اور گرین بیلٹس کی صفائی کے جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چاروں زونوں کی تمام یونین کونسلوں میں صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کیلئے تمام تر دستیاب ہلکی وبھاری مشینری سے استفادہ حاصل کیا جائے تنگ مقامات پر ہینڈ ٹرالی کے ذریعہ کچرے کی منتقلی کو یقینی بنایا جائے سڑکوں و شاہراہوں کے اطراف اور گرین بیلٹس میں موجود کچرے اور مٹی کے ڈھیروں کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ چونے و جراثیم کش ادویات کے اسپرے پر بھی خصوصی توجہ مرکوزرکھی جائے موقع پر بلدیاتی افسران نے ایڈمنسٹریٹر کو صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اورنگی ،بلدیہ ،سائٹ اور کیماڑی زون کی تمام یونین کونسلوں میں صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کاکام ہنگامی بنیادوں میں جاری ہے جبکہ تمام شاہراہوں کے اطراف اور گرین بیلٹس میں موجود کچرے و مٹی کے ڈھیروں کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ چونے اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جاری ہے ۔