پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے افغان عوام کی طرف سے شروع کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی افغان پارلیمانی وفد سے گفتگو

منگل 28 مارچ 2017 21:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے افغان عوام کی طرف سے شروع کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں افغانستان کے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ثقافتی، لسانی اور تاریخی تعلقات ہیں، اس لئے پارلیمانی سفارت کاری کو دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور اپنے عوام کی خوشحالی اور امن کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سب سے بڑا چیلنج ہے اور اس لعنت کے خاتمہ کے لئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی عناصر علاقائی امن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور اپنے ایجنڈے کو فروغ دینے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ اس موقع پر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل، مشاہد حسین سید، سحر کامران، عثمان خان کاکڑ، شاہی سید، باز محمد خان اور دائود اچکزئی نے بھی خطے میں پائیدار امن کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔