وزیر اعلی پرویز خٹک سے کورین سفیر کی ملاقات، سرمایہ کاری کے شعبوں اور باہمی تعاون کے اُمور پر تبادلہ خیال

منگل 28 مارچ 2017 21:40

پشاور۔28مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کورین سفیر Suh Dung-gu کے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی اور باہمی تعاون میں فروغ کے عزم کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا معاشی مستقبل بڑا تابناک ہے صوبائی حکومت تیز رفتار تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول بنا چکی ہے ۔

یہ صوبہ افغانستان ، واخان کے ذریعے وسطی ایشیاء سمیت پورے خطے کیلئے تجارت اور معیشت کا مرکز بننے جارہا ہے ۔ ہم 16 اور17 اپریل کو چین میں روڈ شو کرنے جارہے ہیں ۔جس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو مارکیٹ کریں گے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں کورین سفیر سے گفتگو کر رہے تھے ۔ چیئرمین ازمک غلام دستگیر ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں خیبرپختونخوا اور کوریا کے درمیان ثقافتی تعلقات ، باہمی تعاون کے پہلوئوں اور صوبے کی معاشی ترقی کیلئے مجوزہ کورین سرگرمیوں سمیت ثقافت ، سیاحت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، قابل تجدید توانائی ، معدنیات اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کورین سفیر نے خیبرپختونخوا میں اُبھرتے ہوئے کاروبار دوست ماحول ، سرمایہ کاری کی سرگرمیوں خصوصاً توانائی کے منصوبوں کو سراہا۔

انہوںنے مختلف شعبوں خصوصاً آئی ٹی اور توانائی میں گہر ی دلچسپی کا اظہار کیااور دونوں حکومتوں کے مابین تعاون کے فروغ اور خیبرپختونخو اکے سافٹ امیج کو اُجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے کورین سفیر کے دوستانہ عزائم کا خیر مقدم کیا اور صوبے میں جاری صنعتکاری اور صوبائی حکومت کی کاوشوں کے تناظر میں متوقع معاشی مستقبل سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت مختلف شعبوں خصوصاً توانائی، معدنیات، پن بجلی اور صنعت میں سی پیک اور نان سی پیک 100 کے قریب منصوبے تیار کر چکی ہے جنہیں روڈ شو میں مارکیٹ کیا جا ئے گا۔ موٹرو ے پروسیع قطعہ اراضی پر انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کر رہے ہیں جو سی پیک کا حصہ ہو گا ۔گلگت چترال دیر تا چکدرہ روڈ سی پیک کے متبادل روٹ کے طور پر تجویز کیا گیا ہے جس سے یہ صوبہ وسطی ایشیاء سمیت پورے خطے کو مربوط کرے گا۔

توانائی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اپنی حکومت کے اختتام تک 4000 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرلیں گے ۔فاٹا اصلاحات کے حوالے سے تبادلہ خیال کے دوران وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم فاٹا کا خیبرپختونخوا میں مکمل انضمام چاہتے ہیں اور یہی فاٹا کے مسائل کا کل وقتی حل اور عوام کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ اس موقع پر فریقین کی طرف سے تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :