بلین ٹری پراجیکٹ کیلئے 500 روپے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 23 محنت کش تین ماہ سے اجرت سے محروم

منگل 28 مارچ 2017 21:40

بلین ٹری پراجیکٹ کیلئے 500 روپے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 23 محنت کش ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) بلین ٹری کے 23 محنت کش تین ماہ سے اجرت سے محروم ہیں، غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والوں محنت کشوں کو محکمہ فارسٹ نے کلیگاہ کے جنگلات میں 500 روپے یومیہ اجرت پر شجرکاری کیلئے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ان محنت کشوں کا کہنا ہے کہ ہمارا دین ہمیں کہتا ہے کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اسے اجرت دی جائے لیکن تین ماہ گذرنے کے باوجود ہمیں اجرت سے محروم رکھا جا رہا ہے، اپنے خون پسینہ کی محنت کا حق لینے کیلئے ہم متعلقہ دفاتر کا طواف کرتے کرتے تھک چکے ہیں لیکن کہیں سے بھی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں فی الفور محنت کا صلہ دیا جائے، ہم غریب گھروں سے تعلق رکھتے ہیں اور بمشکل بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، معاوضہ کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچوں سکولوں سے نکال دیئے گئے ہیں، تین ماہ سے ادھار مانگ کر گھر کا چولہا جلا رہے ہیں تاہم اب ہم میں مزید سکت نہیں رہی ہے۔