ایبٹ آبادکی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے بلدیاتی ادارے اور سماجی تنظیمیں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، مشیر وزیراعلیٰ اقلیتی امور

منگل 28 مارچ 2017 21:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) ایبٹ آبادکی خوبصورتی میں اضافہ اور عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے بلدیاتی ادارے اور سماجی تنظیمیں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، صوبائی حکومت کے بلین ٹری پراجیکٹ سے صوبہ میں سبز انقلاب آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اقلیتی امور روی کمار نے ایبٹ آباد میں شہری اتحاد ایبٹ آباد کی طرف سے شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ کے مشیر روی کمار نے شہری اتحادکی ایبٹ آباد کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایبٹ آباد شہر کی خوبصورتی کیلئے خطیر فنڈ مختص کر دیئے ہیں۔ اس موقع پر تحصیل ناظم اسحاق ذکریا نے کہا کہ ایبٹ آباد کے عوام جلد تبدیلی محسوس کریں گے، عنقریب ہی خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر کے منصوبہ کے تحت جناح باغ کو جدید پارک بنانے کے منصوبہ پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہری اتحاد کے صدر کامران احمد ایڈوکیٹ نے وزیراعلیٰ کے مشیر روی کمار اور تحصیل ناظم کو شہری اتحاد کی طرف سے شروع کی کئی شجرکاری مہم اور دیگر اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شہری اتحاد عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گا۔ اس موقع وزیراعلیٰ کے مشیر روی کمار، تحصیل ناظم اسحق ذکریا، ممتاز صحافی زبیر ایوب، خرم شہزاد جدون، تحصیل ممبر نعیم صراف، شہری اتحاد کے ممبران فرقان خان، معین قریشی ایڈووکیٹ، سلطان شمس، خالد خان سدوزئی، پیٹر نوروز گل، شہناز قریشی، اشعر مسعود، سعید قریشی، محمد رضوان اعوان، سردار طلعت و دیگر نے مختلف درخت لگا کر شجرکاری کی اور وزیراعلیٰ کے مشیر روی کمار اور تحصیل ناظم کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :