اگلے ماہ راولپنڈی کی دیہی خواتین میں 420 بڑے مویشی بلامعاوضہ تقسیم کئے جائیںگے، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک

منگل 28 مارچ 2017 23:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء)محکمہ لائیوسٹاک، حکومت پنجاب کے زیر انتظام ضلع راولپنڈی میں دیہی خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کیلئے ان میں 420بڑے مویشی بلامعاوضہ تقسیم کئے جائیں گے۔ تقسیم کا عمل اپریل میں شروع کیا جائیگا اور اس کے لئے ایسی دیہی خواتین کا انتخاب کیا جائیگا جن کا کم از کم ایک بچہ سکول جاتا ہو اور ان کو حکومتی معاشی معاونت کی ضرورت ہو۔

بڑے مویشی جن میں بچھڑیاں اور جھوٹیاں شامل ہیں کی دیکھ بال کی ذمہ داری بھی محکمہ لائیوسٹاک کی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک راولپنڈی ڈاکٹر ارشد اسد نے کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ تقسیم کی جانیوالی 420بچھڑیوں اور جھوٹیوں کی ایک سال کیلئے باقاعد ہ انشورنس بھی مہیا کی گئی ہے اور اگر تقسیم کئے جانیوالے مویشیوں میںسے کوئی ہلاک ہو جائے تو اس کی مالکن کو متبادل مویشی یا پھر معاوضہ ادا کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 420مویشیوں کی تقسیم کیلئے دیہی خواتین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور جن خواتین میں یہ مویشی تقسیم کئے جائیں گے ان کی باقاعدہ تصدیق متعلقہ نمبردار اور ان کے بچوں کے سکول سے کی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ لائیوسٹاک راولپنڈی نے پچھلے سال دسمبر میں دیہی خواتین کی معاشی خود کفالت میں معاونت کیلئی400بچھڑیاں اور جھوٹیاں تقسیم کی تھیں اور ان کی باقاعدہ دیکھ بال بھی کی اور مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی اور ان مویشیو ں میں سے کئی اب حاملہ بھی ہو چکی ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک راولپنڈی ڈاکٹر ارشد اسد نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک دیہی خواتین کی معاشی خود کفالت کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور دیہی خواتین کی معاشی خودکفالت کے بغیر مجموعی طور پر خواتین کی حالت میں بہتری ممکن نہیں ہے کیونکہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ دیہات میں مقیم ہے۔ انہوںنے کہاکہ مویشیوں کی تقسیم کا عمل مکمل طور پر شفاف اور فول پروف ہے اورتقسیم کا عمل سرکاری عہدیداروں کے علاوہ عوامی نمائندوں اور کسانوں کی موجودگی میں کیا جائیگا۔