برطرف ملازمین کی بحالی، دیگر مطالبات منوانے کے لئے ہزاروں مظاہرین کا لکی سیمنٹ فیکٹری کے باہر دھرنا ، احتجاجی مظاہرہ

فیکٹری سے نکالے گئے تمام ملازمین بحال کئے جائیں عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے سی ایس آر فنڈ لکی مروت کی ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جائے، مظاہرین نے مطالبات پیش کردیئے

منگل 28 مارچ 2017 23:34

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) برطرف ملازمین کی بحالی اور دیگر مطالبات منوانے کے لئے ہزاروں مظاہرین نے لکی سیمنٹ فیکٹری کے مین گیٹ کے باہر دھرنا دے کر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا ضلع ناظم اشفاق احمد خان مینا خیل، ضلع نائب ناظم حاجی عرب خان اور بلدیاتی نمائندوں کی قیادت میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد گاڑیوں میں لکی سیمنٹ فیکٹری واقع درہ پیزو پہنچنے جہاں انہوں نے انڈس ہائی وے کے ساتھ واقع فیکٹری کے گیٹ نمبر ایک کے ساتھ دھرنا دیا تاہم مظاہرین نے خیبر پختونخوا کو بنوں ڈیرہ روڈ کے راستے دیگر تین صوبوں سے ملانے والی شاہراہ کو بند نہیں کیا اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈی ایس پی مراد علی خان کی سربراہی میں پولیس کی بڑی نفری فیکٹری کے باہر اور اندر تعینات تھی احتجاج کے پیش نظر فیکٹری سے ملک بھر کو سیمنٹ کی ترسیل بند رہی اس موقع پر ضلع ناظم اشفاق احمد خان مینا خیل نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹری سے نکالے گئے تمام ملازمین بحال کئے جائیں عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے سی ایس آر فنڈ لکی مروت کی ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جائے ضلعی حکومت کو ایک ارب روپے سے زائد ٹیکس ادا کئے جائیں پیزو اور مضافاتی علاقوں کو جائز حقوق دیئے جائیں فیکٹری سے خارج ہونے والی زہریلی گیسوں سے متاثرہ افراد کے علاج کا بندوبست کیا جائے خراب ٹیوب ویلوں کی مرمت کی جائے علاقے کے عوام کو مفت بجلی فراہم کی جائے اور یہاں ہسپتال اور تعلیمی ادارے قائم کئے جائیں اور کوہ شیخ بدین کی خوبصورتی سمیت دیگر مطالبات حل کئے جائیں انہوں نے فیکٹری کا گیٹ کھولنے اور مظاہرین کو اندر جانے کی اجازت دینے کے لئے نصف گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس کے بعد مظاہرین گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوں گے اس موقع پر مظاہرین نے ڈھولوں کی تھاپ پر علاقائی رقص اتنڑ بھی کیا ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے گیٹ نمبر ون کھول دیا گیا اور مظاہرین اندر داخل ہوکر گیٹ نمبر دو پہنچ گئے جہاں ضلع ناظم اشفاق احمد خان مینا خیل نے گیٹ نمبر دو کھولنے کے لئے ایک گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی اس دوران ڈپٹی کمشنر محمد بختیار خان نے ضلع ناظم اور دیگر بلدیاتی نمائندوں کو فیکٹری انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات پر قائل کرلیا کوئی ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات کی کامیابی کے بعدمظاہرین منتشر ہوگئے بعد میں ضلع ناظم اشفاق احمد خان مینا خیل نے ضلع نائب ناظم حاجی عرب خان اور ڈسٹرکٹ کونسلرز مولانا اصغر علی خان، فرید اللہ خان، شفقت اللہ خان خوئیداد خیل،علی گل،شفیع اللہ، عبدالغفور خان،منور خان، خالد خان ،حنیف اللہ خان، عرفان اللہ خان ، آفتاب خان پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری احسان اللہ خان، سابق ناظم حبیب الرحمان زنگی خیل اور دیگر بلدیاتی نمائندوں اور مشران کے ہمراہ میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ فیکٹری انتظامیہ نے نکالے گئے ملازمین کی بحالی اور دیگر مطالبات تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے جو کہ ہماری بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں علاقے کی ترقی اور خوشحالی سے متعلق دیگر مطالبات کے حل کے لئے مربوط حکمت عملی وضع کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :