فاٹا اصلاحات کا نفاذ قبائلیوں کا حق ، وقت اور حالات کا تقاضا ہے، حاجی سردار خان

منگل 28 مارچ 2017 23:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) جماعت اسلامی فاٹا کے امیر حاجی سردار خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کا وقت آگیا ہے، فاٹا اصلاحات کا نفاذ قبائلیوں کا حق ، وقت اور حالات کا تقاضا ہے، قبائلیوں نے ایف سی آر کے خاتمے کے لئے قربانیاں دی ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ایف سی آر کو ختم کرکے فاٹا کو صوبے میں ضم کرے، ستر سے محرومیوں کے شکار قبائلی عوام کو ان کے حقوق دئیے جائیں، پاک چائنہ اقتصادی راہداری مستقبل کا گیم چینجر منصوبہ ہے، وفاق فاٹا کی محرومیوں کو دیکھتے ہوئے سی پیک میں فاٹا کو شامل کرے اور اس روٹ کے ساتھ جتنی سہولیات ہیں وہ بھی فاٹا کودی جائیں۔

بڑی تعداد میں لوگوں کی شمولیت جماعت اسلامی پر اعتما د کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی فاٹا کے عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔ فاٹا کے عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف آر ٹانک کی تحصیل جنڈولہ کے نواحی علاقے مانزئی (گرنی)میں جمعیت علماء اسلام ف کو خیر باد کہہ کے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں پورے گاؤں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی فاٹا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا زاہد اللہ ترابی،سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان ، ایف آر ٹانک کے امیر ڈاکٹر علاؤالدین سمیت عمائدین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ سردار خان نے کہا کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات کی صورت میں قبائلی عوام کو تحفہ دیا ہے لیکن صوبے کے ساتھ ادغام کے لئے پانچ سال کے وقت نے قبائلیوں کو مایوس کردیا ہے۔

حکومت 2018ء کے انتخابات سے قبل فاٹا کے انضمام کا سفر ختم کرے ، فاٹا کے عوام نے ایف سی آر میں بہت اذیتیں برداشت کی ہیں، اب وہ مزید ایف سی آر کا عذاب جھیلنے کو تیار نہیں، رواج ایکٹ بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہوا تو اسے ماننے کے بجائے شریعت کے نفاذ کا مطالبہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام گزشتہ سات عشروں سے محرومیوں کا شکار ہیں، انہیں بنیادی انسانی حقوق حاصل نہیں ، آپریشنوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے قبائلیوں کے گھر اور کاروبار تباہ ہوگئے ہیں، حکومت ان کی محرومیوں کے ازالے کے لئے بڑے مالیاتی پیکج کا اعلان کرے اور سی پیک میں فاٹا کو حصہ دے کر ان کی محرومیوں کو کم کرنے کی کوشش کرے۔

سی پیک میں حصہ ملنے سے فاٹا کے اندر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور کاروباری سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔

متعلقہ عنوان :