یونائٹیڈ ٹیچرز یونین کی ایوان اقبال سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی

اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اساتذہ کی فوراً اپ گریڈیشن اور ساتذہ کا استحصال بند کیا جائے، چیئرمین طارق محمود

منگل 28 مارچ 2017 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) یونائٹیڈ ٹیچرز یونین کے چیئرمین طارق محمود نے گزشتہ روز اساتذہ کے ہمراہ ایوان اقبال سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی میں سینکڑوں اساتذہ ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن اور ٹیچرز یونین کے عہدیداران شامل تھے۔ اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے۔

یونائیٹڈ ٹیچرز یونین کے چیئرمین طارق محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی فوراً اپ گریڈیشن اور ساتذہ کا استحصال بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی دانش سکولز اور پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی حوالگی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔ اگر کلرک 14 ویل سکیل میں کام کرسکتے ہیں تو اساتذہ کے بھی سکیل اپ گریڈ ہونے چاہئے۔

(جاری ہے)

9 ویں سکیل والے اساتذہ کو 17 ویں سکیل میں اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے تمام صوبوں میں اساتذہ کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے لیکن پنجاب میں اپ گریڈ نہیں کیا جارہا ہے۔ پولیس حکام اساتذہ کو مقدمہ کی دھمکی دیتے ہیں پولیس حکام بھی اساتذہ کی مرہون منت ہی اس مقام پر پہنچے ہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نجکاری کا خاتمہ کیا جائے، اساتذہ کے مسائل حل کیے جائیں۔ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی جائے اور سرکاری سکولوں کو پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن اور دانش سکولوں کی حوالگی بند کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو 19 اپریل کو دوبارہ احتجاج کریں گے اور 19 اپریل کے بعد 20 اپریل کو اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ مل کر دھرنا دیں گے۔ (وقاص)