صوبائی وزیرتعلیم کا کے الیکڑک سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ سے اجتناب کرنے کی درخواست

اگر کوئی نقل کرتا ہوا پکڑا گیا تو اس کو نہیں بخشا جائیگا خواہ کوئی کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو،جام مہتاب حسین دمڑ

منگل 28 مارچ 2017 23:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین دمڑنے کے۔الیکڑک، حیسکو اور سکھر الیکڑک سپلائی کمپنی سے درخواست کی ہے کہ وہ پیر سے شروع ہونے والے نویں اور دسویں کے امتحانات کے دوران ہر قسم کی لوڈشیڈنگ سے اجتناب کریں تاکہ طلباء آرام و سکون سے امتحانات دے سکیں۔ یہ بات آج انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ھوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ آج سے نویں دسویں کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں اور امتحانات میں نقل کی حوصلہ شکنی اور امتحانی مراکز پر مداخلت کی روک تھام کے لئے وزیر اعلی کی خصوصی ہدایت پر ویجیلنس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں اور وہ بذات خود اور وزیر اعلی سندھ امتحانی مراکز کے اچانک دورے کریں گے اور اگر کوئی نقل کرتا ہوا پکڑا گیا تو اس کو نہیں بخشا جائیگا خواہ کوئی کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سال نقل کی روک تھام اور حوصلہ شکنی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے۔اور اس سلسلے میں وزیر اعلی سندھ نے والدین، اساتذہ، طلباء اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے نام ایک اوپن لیٹر تحریر کیا تاکہ نقل کی حوصلہ شکنی ہو سکے اور نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔ وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈھر نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ اساتذہ، والدین اور اسٹیک ہولڈرز مل کر معاشرے کو نقل کے بھیانک نتائج سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے طلباء سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دیں اور محنت کرکے اچھے گریڈ حاصل کریں اور نقل سے اجتناب کریں۔

متعلقہ عنوان :