کراچی: سندھ میں پابندی ہے تو پنجاب میں کس طرح گیس دی جا رہی ہے، سید مراد علی شاہ

یکطرفہ لگائی گئی پابندی کو فوری ختم کر کے سندھ میں تمام گھریلو، صنعتی اور کمرشل سیکٹر کو فوری گیس فراہم کی جائے گیس پیدا کرنے والے صوبے کو نظرانداز کیا جارہا ہے، سیاسی بنیادوں پر گیس کی فراہمی قومی ہم آہنگی کے خلاف ہے،وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو خط

منگل 28 مارچ 2017 23:13

کراچی: سندھ میں  پابندی ہے تو پنجاب میں کس طرح گیس دی جا رہی ہے، سید مراد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا وزیراعظم کو خط، وفاق نے پنجاب میں 37 ارب روپے کے 97 قدرتی گیس کے منصوبے شروع ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے خود ہی اس قسم کی توسیع پر عارضی پابندی لگائی ہے جو آئین کے آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی ہے، پابندی ہے تو پنجاب میں کس طرح گیس دی جا رہی ہے، گیس پیدا کرنے والے صوبے کو نظرانداز کیا جارہا ہے، سیاسی بنیادوں پر گیس کی فراہمی قومی ہم آہنگی کے خلاف ہے۔

خط میں وزیراعلیٰ سندھ نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی پر یکطرفہ لگائی گئی پابندی کو فوری ختم کیا جائے۔ سندھ میں تمام گھریلو، صنعتی اور کمرشل سیکٹر کو فوری گیس فراہم کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاق نے 37 ارب روپے کے 97 قدرتی گیس کے منصوبے پنجاب میں شروع کئے ہیں جبکہ قدرتی گیس کے اس قسم کی توسیع پر وفاقی حکومت نے خود عارضی پابندی لگائی ہے۔

(جاری ہے)

گیس نیٹ ورک کی پنجاب میں توسیع آئین کے آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی ہے۔ پنجاب ملک کی کل 3 فیصد گیس پیدا کرتا ہے اور 42 فیصد استعمال کرتا ہے۔ ایس ایس جی ایل سندھ میں دیہی اور شہری علاقوں کو گیس دینے سے انکاری ہے، کہتے ہیں کہ وفاق نے پابندی لگائی ہے، اگر یہ پابندی ہے تو پنجاب میں کس طرح گیس دی جا رہی ہے۔ ایس ایس جی ایل نے سپیشل اکنامک زون خیرپور جو ملک کا پہلا نمبر انڈسٹریل پارک ہے کو بھی گیس فراہم کرنے سے انکاری ہے۔

ایس ایس جی ایل کے پاس شہری علاقوں کے ہزاروں گھروں کے کنکشنز کی درخواستیں پڑی ہیں لیکن گیس نہیں دی جا رہی ہے۔ گیس پیدا کرنے والے صوبے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ سیاسی بنیادوں پر گیس کی فراہمی قومی ہم آہنگی کے خلاف ہے۔ سی سی آئی میں وفاقی وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کمیٹی کی سفارشات پر مکمل عمل کیا جائے۔ گیس کی فراہمی پر یکطرفہ لگائی گئی پابندی کو فوری ختم کیا جائے۔ تمام گھریلو، صنعتی اور کمرشل سیکٹر کو فوری گیس فراہم کی جائے۔#